ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کا سنٹرل جیل میانوالی کا تفصیلی دورہ
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کا سنٹرل جیل میانوالی کا تفصیلی دورہ قیدیوں کو فراہم کی گئی سہولیات اور صفائی کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار
میانوالی (نامہ نگار) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج میانوالی نوید باروی نے سول جج حفیظ اللہ کے ہمراہ سنٹرل جیل میانوالی کا تفصیلی دورہ کیا۔ جیل پہنچنے پر جیل کے چاک و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔بعد ازاں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے جیل ہسپتال، اسیران کچن، خواتین وارڈ، قیدیوں کی بیرکس اور غلہ گودام کا معائنہ کیا۔ انہوں نے قیدیوں سے جیل عملے کے رویے ، طبی سہولیات اور دیگر مسائل کے بارے میں دریافت کیا، جس پر قیدیوں نے مجموعی طور پر اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے اسیران کیلئے تیار کیے جانے والے کھانے کے معیار کو بھی چیک کیا اور اسے تسلی بخش قرار دیا۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے جیل گودام کے لان میں شجرکاری مہم کے تحت پودا لگایا اور جیل میں صفائی ستھرائی کے بہتر انتظامات پر سپرنٹنڈنٹ جیل رسول بخش کلاچی کی کاوشوں کو سراہا۔