بھیرہ ہسپتال میں بجلی کی فراہمی بلا تعطل جاری رہیگی ، صہیب بھرتھ
بھیرہ ہسپتال میں بجلی کی فراہمی بلا تعطل جاری رہیگی ، صہیب بھرتھ عوامی خدمت ہی ن لیگ کی سیاست کا محور ہے ،صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات
بھیرہ(نامہ نگار)صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا ہے کہ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال بھیرہ میں عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے ہسپتال میں مزید ڈاکٹرز کی تعیناتی کے ساتھ ساتھ بجلی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے وزیر مملکت برائے صحت ڈاکٹر ملک مختار احمد بھرتھ کی ہدایت پر ہسپتال کو بجلی کی سپلائی دو مختلف فیڈرز پر منتقل کر دی گئی ہے ۔وہ بھیرہ پریس کلب رجسٹرڈ کے ارکان سے گفتگو کر رہے تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل ہسپتال کو صرف بھیرہ سٹی فیڈر سے بجلی فراہم کی جاتی تھی، تاہم اب اس کا کنکشن شیر شاہ سوری فیڈر سے بھی منسلک کر دیا گیا ہے ۔ اس اقدام سے شہر میں لوڈشیڈنگ کے باوجود ہسپتال میں بجلی کی فراہمی بلا تعطل جاری رہے گی اور مریضوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ عوامی خدمت ہی مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور ہے اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق صحت کے شعبہ میں انقلابی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھیرہ سمیت ضلع بھر میں ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے ۔اور عوامی خدمت میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔