غیر قانوں کیمیکل اور تیزاب کی خریدوفروخت بڑے حادثے کا خطرہ
کیمیکل بائی لاز کی منظوری 2014 میں دی گئی عملی اقدامات نہ ہونے کے باعث شہر میں اس قانون پر عمل درآمد نہیں ہو رہا،نوٹس لیا جائے : ماہرین
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)سرگودھا میں حکومت اور انتظامیہ کی مبینہ غیر دلچسپی کے باعث غیر قانونی طور پر کیمیکل اور تیزاب کی خرید و فروخت زور و شور سے جاری ہے ، جس کے نتیجے میں کسی بھی وقت سانحہ پیش آنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق حکومت نے 2014 میں تیزاب گردی کی وارداتوں میں اضافے کے بعد کیمیکل بائی لاز کی منظوری دی تھی، جس میں 2019 میں ترمیم کی گئی، لیکن اب تک عملی اقدامات نہ ہونے کے باعث شہر میں اس قانون پر عمل درآمد نہیں ہو رہا۔ بائی لاز کے تحت کیمیکل اور تیزاب فروخت کرنے والوں کے لیے رجسٹریشن اور لائسنس حاصل کرنا ضروری ہے ، جبکہ روزانہ کی خرید و فروخت کا ریکارڈ برقرار رکھنا لازمی قرار دیا گیا ہے ۔
لیکن دیگر اضلاع کی طرح سرگودھا میں بھی رجسٹریشن التواء کا شکار ہے ، اور دکاندار خرید و فروخت کا ریکارڈ بھی نہیں رکھ رہے ، جس سے کسی بھی وقت کسی حادثے یا سانحے کا خدشہ پیدا ہو سکتا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ کیمیکل بائی لاز بنا کر نوٹیفکیشن جاری کرنا لازمی ہے ، مگر یہ اقدام بھی اب تک عمل میں نہیں آیا۔شہریوں اور حفاظتی ماہرین نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر اس معاملے کا نوٹس لیا جائے اور قانون کے مطابق کیمیکل کی خرید و فروخت کو منظم کیا جائے تاکہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے ۔