کھیلوں کا جامع کیلنڈر تیار کرکے تین دن میں پیش کریں،ڈپٹی کمشنر
کھیلوں کا جامع کیلنڈر تیار کرکے تین دن میں پیش کریں،ڈپٹی کمشنر ضلع کی سطح پر مختلف کھیلوں کے مقابلہ جات باقاعدگی سے منعقد کروانے جائیں
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر کو ہدایت کی ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق \" مریم نواز کا کھیلتا سرگودھا\" کے تحت سال بھر کے کھیلوں کا جامع کیلنڈر تیار کرکے تین دن میں پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ یونین کونسل، تحصیل اور ضلع کی سطح پر مختلف کھیلوں کے مقابلہ جات باقاعدگی سے منعقد کروانے جائیں تاکہ نوجوانوں اور عوام کی زیادہ سے زیادہ شمولیت یقینی بنائی جا سکے ۔انہوں نے یہ ہدایات ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ ڈپٹی کمشنر نے زور دیا کہ باصلاحیت کھلاڑیوں کی تلاش اور ان کی مناسب تربیت پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ معیاری سپورٹس ٹیلنٹ سامنے آ سکے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کرکٹ کے ہارڈ بال ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا جائے اور ایل ایم ایس ماڈل کے تحت مقابلہ جات کو منظم انداز میں کرایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے سوشل میڈیا کا مؤثر استعمال کیا جائے۔
اور یونین کونسل سے ضلعی سطح تک ہونے والے مقابلہ جات کو براہ راست نشر کرنے کے اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ والی بال، کبڈی اور دیگر روایتی کھیلوں کے مقابلہ جات بھی بھرپور انداز میں منعقد کیے جائیں تاکہ دیہی اور شہری سطح پر کھیلوں کو فروغ ملے ۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر نے جاری سکیموں کی پیشرفت سے آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے اسپورٹس گراؤنڈ کوٹمومن میں فلڈ لائٹس کی تنصیب کے لیے سی ای او ضلع کونسل کو فوری اقدامات کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رانا ابوبکر، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر صائمہ منظور، سی او ضلع کونسل اسد ہریا، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ بابر شہزاد رانجھا سمیت نے شرکت کی۔