سبزی فروٹ منڈی مسائل کی آماجگاہ بن گئی ،ہر طرگ کیچڑ
سبزی فروٹ منڈی مسائل کی آماجگاہ بن گئی ،ہر طرگ کیچڑ بیوپاری گندے پانی میں بیٹھ کر سبزی اور پھل فروخت کرنے پر مجبور ہیں
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) مارکیٹ کمیٹی سرگودھا کی نااہلی غفلت کے باعث کروڑوں روپے کما کر دینے والی سبزی فروٹ منڈی مسائل کی آماجگاہ بن گئی ہے ،بالخصوص حالیہ بارشوں کے باعث گندگی، کیچڑ سے آنے والوں اور آڑھتیوں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑرہا ہے سبزی اور فروٹ مارکیٹ کروڑوں روپے ریونیو کے باوجود سہولیات ناپید ہیں،اور انتہائی ابتر صورتحال نے پورے نظام کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے ۔ یہ صورتحال نہ صرف مارکیٹ کمیٹی بلکہ ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی پر بھی سنگین سوالیہ نشان بن چکی ہے بارش کے بعد منڈی تالاب کا منظر پیش کر رہی ہے ۔ جگہ جگہ گندا پانی کھڑا ہے ، کیچڑ کے ڈھیر لگے ہیں اور نکاسی آب کا نظام مکمل طور پر بیٹھ چکا ہے ۔
بیوپاری گندے پانی میں بیٹھ کر سبزی اور پھل فروخت کرنے پر مجبور ہیں جبکہ شہری اس گندگی میں خریداری کرنے پر مجبور ہو کر شدید اذیت کا شکار ہیں،خوانچہ فروشوں اور آڑھتی حضرات کا کہنا ہے کہ مارکیٹ کمیٹی کروڑوں روپے کا ریونیو اکٹھا کرتی ہے ، مگر اس کے باوجود صفائی، نکاسی آب اور بنیادی سہولیات کا فقدان انتظامیہ کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے ، سیوریج نالے بند پڑے ہیں اور بارش کا پانی کئی کئی دن تک کھڑا رہتا ہے ، جس سے تعفن اور بیماریوں کا خطرہ بڑھتا جا رہا ہے ۔اہم سوال یہ ہے کہ آخر اعلی انتظامیہ اس سنگین صورتحال پر کیوں خاموش ہیں بدانتظامی کے ساتھ ساتھ مبینہ رشوت ستانی اور کرپشن کی شکایات بھی زور پکڑ رہی ہیں، تاجروں اور شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری اور دیگر اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔