ریونیو دفاتر کا آڈٹ کروڑوں روپے کے گھپلے

ریونیو دفاتر کا آڈٹ کروڑوں روپے کے گھپلے

رقم قومی خزانے میں جمع کروانے کی بجائے مبینہ طور پر متعلقہ شعبوں کے افسران و ملازمین کی جیبوں میں گئی، بورڈ آف ریونیو پنجاب کا ڈپٹی کمشنر کو سخت ایکشن لینے کا حکم موٹیشن فیس کی مد میں 1کروڑ60لاکھ ،ٹی ٹی آئی پی کی مد میں 55لاکھ 56ہزار ،ایف بی آر چالان کی مد میں 1کروڑ24لاکھ 84ہزار روپے کی وصولی اور ریکارڈ میں فرق پا یا گیا

سرگودھا(نعیم فیصل ) ضلع سرگودھا میں محکمہ ریونیوکے دفاتر کی انسپکشن اینڈ آڈٹ کے دوران مختلف نوعیت کی فیسوں اور ریونیوکی وصولی اور ریکارڈ میں کروڑوں روپے کے فرق کا انکشاف ہوا ہے جو کہ قومی خزانے میں جمع کروانے کی بجائے مبینہ طور پر متعلقہ شعبوں کے افسران و ملازمین کی جیبوں میں گئی ہے جس پر بورڈ آف ریونیو پنجاب کی جانب سے ڈپٹی کمشنر کو سخت ایکشن لینے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ، ذرائع کے مطابق بورڈ آف ریونیو کی جانب سے سرگودھا، شاہ پور، سلانوالی، بھیرہ، بھلوال ،کوٹمومن اور ساہی وال کے تحصیل دفاتر کے آڈٹ اینڈ انسپکشن کی جاری رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ موٹیشن فیس کی مد میں 1کروڑ60لاکھ 43ہزار روپے ،ٹی ٹی آئی پی کی مد میں 55لاکھ 56ہزار روپے ،ایف بی آر چالان236-K کی مد میں 1کروڑ24لاکھ 84ہزار روپے ،ایف بی آر چالان 236-Cکی مد میں 64اکھ 67ہزار روپے اور ایگریکلچر انکم سپورٹ کی مد میں 1کروڑ93لاکھ 69ہزار روپے کی وصولی اور ریکارڈ میں فرق پا یا گیا، اسسٹنٹ کمشنرز، تحصیلدار وں و نائب تحصیلداروں اوردیگر فیلڈ عملے کی جانب سے فیس ریکارڈ اور طے شدہ قوائد و ضوابط کے مطابق وصول نہیں کی گئی جس سے سرکاری خزانے کو نقصا ن پہنچ رہا ہے ، اور ریونیو وصولی کا ہدف مشکل ہوتا جا رہا ہے اس حوالے سے قبل ازیں بھی احکامات جاری کئے گئے تھے مگر عملدرآمد سامنے نہیں آ یا جس پر ڈپٹی سیکرٹری امپلی منٹیشن بی او آر نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر رویونیو کو عملدرآمد کے احکامات جاری کرکے فوری طور پر رپورٹ ارسال کرنے کے ساتھ ساتھ ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی ہے کہ عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں ذمہ داروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں