لیبیا کشتی حادثہ میں جاں بحق دو نوجوانوں کا تعلق بھیرہ سے نکلا
لیبیا کشتی حادثہ میں جاں بحق دو نوجوانوں کا تعلق بھیرہ سے نکلا دونوں نوجوان غیر قانونی طور پر یورپ جانے کی کوشش کر رہے تھے
بھیرہ(نامہ نگار )لیبیا کشتی حادثہ میں جاں بحق ہونے والے دو نوجوانوں کی شناخت گلفام عباس تارڈ اور سجاول آرائیں کے نام سے ہوئی ہے ، جن کا تعلق نواحی قصبہ نانو ویسویرووال سے بتایا جاتا ہے ۔ دونوں نوجوان روشن مستقبل کے خواب لیے غیر قانونی طور پر یورپ جانے کی کوشش میں ڈونکی لگا کر لیبیا سے بذریعہ کشتی یونان جا رہے تھے کہ بدقسمتی سے سمندر کی نذر ہو گئے ۔ذرائع کے مطابق دونوں نوجوانوں کے لواحقین نے انہیں یونان پہنچانے کے لیے قصبہ پکھووال کے ایک ایجنٹ کو فی کس 30 سے 35 لاکھ روپے ادا کیے تھے ۔ افسوسناک واقعہ کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی اور ہر آنکھ اشکبار نظر آئی۔مرحومین کی غائبانہ نماز جنازہ نانو ویس/ویرووال میں ادا کی گئی، جس میں اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔ شرکاء نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے ۔