ٹرک کی ٹکر سے پیلیکن ماڈل کو نقصان
کندیاں (نمائندہ دنیا)کندیاں موڑ پر نصب خوبصورت پیلیکن (Pelican) ماڈل کو ایک تیز رفتار ٹرک نے ٹکر مار کر نقصان پہنچا دیا۔
عینی شاہدین کے مطابق ٹرک ڈرائیور مبینہ طور پر غفلت اور ممکنہ طور پر نیند کے باعث گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا، جس کے نتیجے میں پیلیکن ماڈل اور اس کے ننھے بچوں کے ڈیزائن کو جزوی نقصان پہنچا۔۔۔یہ ماڈل محکمہ جنگلات میانوالی کی زیر نگرانی ناصر کلیار کی جانب سے تعمیر کیا گیا تھا، جو علاقے کی خوبصورتی میں نمایاں اضافہ کر رہا تھا۔ خوش قسمتی سے ماڈل مکمل طور پر تباہ نہیں ہوا اور بروقت مرمت سے اسے دوبارہ بحال کیا جا سکتا ہے ۔واقعے پر سول سوسائٹی نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر میانوالی سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لیا جائے ، ذمہ دار ڈرائیور کے خلاف کارروائی کی جائے اور یادگار کی مرمت کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔