بلاول کی خارجہ کامیابیاں قابلِ تحسین:شہزاد سعید چیمہ
بلاول کی خارجہ کامیابیاں قابلِ تحسین:شہزاد سعید چیمہپیپلز انفارمیشن بیورو کے زیر اہتمام میڈیا ٹولز ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا
خوشاب (نمائندہ دُنیا)پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات شہزاد سعید چیمہ نے کہا ہے کہ دنیا جانتی ہے کہ پیپلز پارٹی ڈرائنگ روم کی جماعت نہیں بلکہ ایک قومی اثاثہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی خارجہ کامیابیوں کے باعث پاکستان نے مختصر عرصے میں عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز انفارمیشن بیورو کے زیر اہتمام خوشاب میں منعقدہ سوشل میڈیا ٹولز ورکشاپ کے اختتامی سیشن سے خطاب کے دوران کیا۔ پیپلز پارٹی ضلع خوشاب کے صدر ملک محمد علی ساول اس ورکشاپ کے میزبان تھے ۔ورکشاپ میں وسطی پنجاب کے 7ڈویژنوں کے 26اضلاع کے سیکرٹریز اور ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات نے شرکت کی۔ اس موقع پر عبدالرزاق سلیمی‘عمائمہ افتخار اور زینب قریشی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز نیریٹو بلڈنگ اور پرنٹ میڈیا کے حوالے سے بریفنگ دی۔
اور شرکاء کے سوالات کے جوابات دئیے ۔شرکا ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے ملک محمد علی ساول، جویریہ ظفر آہیر، احمد رحمن گھمن، میثم عباس، صہیب مشتاق اعوان، عبدالرزاق سلیمی اور عمائمہ افتخار سمیت دیگر مقررین نے کہا کہ سیاست میں دفاعی انداز اختیار نہیں کیا جاتا بلکہ مستقبل کی پیش بندی کی جاتی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کو اپنے ورکرز کی عزت اور عہدیداروں سے مضبوط رابطے رکھنے والی جماعت بننا ہوگا، جبکہ عوامی مسائل کو اجاگر کر کے مؤثر پارٹی بیانیہ تشکیل دینا وقت کی ضرورت ہے ۔تقریب کے اختتام پر پیپلز پارٹی سرگودھا ڈویژن کے صدر تسنیم قریشی کی ہمشیرہ کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔