ممکنہ سیلابی صورتحال ریسکیو1122کا فرضی مشقوں کا انعقاد
ممکنہ سیلابی صورتحال ریسکیو1122کا فرضی مشقوں کا انعقاد ٹیموں نے صورتحال کے دوران پانی میں ڈوبتے لوگوں کی جان بچانے کا مظاہرہ کیا
میانوالی (نامہ نگار)ضلعی انتظامیہ میانوالی اور ریسکیو 1122کے زیر اہتمام ٹی ڈی سی پی ریزار ٹ ماڑی انڈس کے مقام پر ممکنہ سیلابی صورتحال سے نبرد آزما ہونے کے سلسلہ میں فرضی مشقوں کا انعقاد کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے مختلف محکموں کی جانب سے لگائے گئے ایمرجنسی فلڈ ریلیف کیمپس کا تفصیلی معائنہ کیا۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال نے ڈپٹی کمشنر کو ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ پلان، ایمرجنسی سازو سامان و مشینری سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ موک ایکسرسائز کے دوران ریسکیو 1122 کی جانب سے واٹر ریسکیو ٹیموں نے ممکنہ سیلابی صورتحال کے دوران پانی میں ڈوبتے لوگوں کی جان بچانے کا عملی مظاہرہ کیا۔ڈپٹی کمشنر اسد عباس مگسی نے ریسکیو اسکاؤٹس ٹیم سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے جذبے اور خدمات کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ایمرجنسی صورتحال میں ریسکیو 1122 کا رسپانس اور کارکردگی ہمیشہ مثالی رہی ہے ۔ انہوں نے کنڈل کے مقام پر دریائے کرم میں حالیہ سیلابی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود ریسکیو اہلکاروں نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے 300 افراد کو بحفاظت ریسکیو کیا۔