ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سرگودھا کاڈمپنگ سائٹ اور مختلف کولیکشن یونٹس کا دورہ
شاہ پور صدر(نامہ نگار ) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سرگودھا محمد ابوبکر نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر تحصیل شاہپور میں صفائی ستھرائی اور قربانی کی آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگانے کیلئے قائم ڈمپنگ سائٹ اور مختلف کولیکشن یونٹس کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران صفائی انتظامات، آلائشوں کی بروقت منتقلی، عملے کی حاضری، مشینری کی دستیابی اور شاپرز کی تقسیم کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر شاہپور یُسری ٰسہیل بٹ نے بتایا کہ تحصیل بھر میں عیدالاضحیٰ کے دوران صفائی آپریشن کو مؤثر بنانے کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ کولیکشن یونٹس اور ڈمپنگ سائٹس پر مسلسل مانیٹرنگ بھی جاری ہے تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے ۔اے ڈی سی جی نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ قربانی کے بعد آلائشوں کو فوری طور پر مقررہ مقامات پر منتقل کر کے شہر اور دیہی علاقوں میں صفائی کی بہترین صورتحال برقرار رکھی جائے ۔