بھیرہ میں صفائی ستھرائی کے لیے خصوصی انتظامات مکمل

بھیرہ میں صفائی ستھرائی کے لیے خصوصی انتظامات مکمل

تحصیل بھر میں تقریباً 30 ہزار ویسٹ بیگز گھر گھر تقسیم کئے جا رہے

بھیرہ(نامہ نگار)عیدالاضحیٰ کے موقع پر ستھرا پنجاب تحصیل بھیرہ نے صفائی ستھرائی کے عمل کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ اس سلسلہ میں قربانی کے جانوروں کی آلائشیں ادھر اُدھر پھینکنے کے بجائے مناسب انداز میں تلف کرنے کے لیے ستھرا پنجاب کا عملہ اسسٹنٹ کمشنر نمرہ اویس کی زیر نگرانی تحصیل بھر میں تقریباً 30 ہزار ویسٹ بیگز گھر گھر تقسیم کر رہا ہے تاکہ شہری آلائشوں کو ویسٹ بیگز میں بند کر کے ستھرا پنجاب ورکرز کے حوالے کر سکیں۔عیدالاضحیٰ کے دوران صفائی ستھرائی کے حوالے سے شہریوں میں شعور اجاگر کرنے کے لیے گلی محلوں اور بازاروں میں سپیکر کے ذریعے آگاہی مہم بھی چلائی جا رہی ہے تاکہ لوگ صفائی کا خصوصی خیال رکھیں اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔

ستھرا پنجاب تحصیل بھیرہ کی جانب سے مویشی منڈی، مختلف شاہراہوں اور تحصیل کی تمام یونین کونسلوں میں صفائی آگاہی کیمپس اور کلیکشن کیمپس قائم کر دیے گئے ہیں تاکہ قربانی کے جانوروں کی آلائشیں ایک جگہ جمع کر کے بروقت تلف کی جا سکیں۔ اسسٹنٹ کمشنر نمرہ اویس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ عید کے موقع پر صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کے لیے انتظامیہ اور ستھرا پنجاب عملے کے ساتھ مکمل تعاون کریں شہریوں نے ستھرا پنجاب کمپنی اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے بہترین صفائی انتظامات کو سراہتے ہوئے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں