عید پر سبزیوں اور دیگر اشیائے خورونوش کی من مانی قیمتیں وصول
پیاز 120روپے ،ٹماٹر بھی 60روپے سے بڑھ کر 120روپے ، ادرک 680روپے ،تھوم 600روپے ،دھنیا 400روپے ,کریلا 120روپے ،گوبھی 160روپے میں فروخت
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)عید قربان سے ایک روز قبل موسمی شدت کو جواز بنا کر سبزیوں اور دیگر اشیائے خورونوش کی من مانی قیمتوں پر فروخت دھڑلے سے جاری رہی اور اس حوالے سے کمیشن ایجنٹ بد انتظامی کا بھرپور فائدہ اٹھا کر ناجائز منافع خوری میں مصروف رہے جبکہ اعلی انتظامیہ نے اس حوالے سے متعلقہ افسران کو اشیاء کی نیلامیوں کی سخت مانیٹرنگ اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو حقیقی ذمہ داروں کیخلاف موثر کاروائیوں کا ٹاسک دیا گیا تھا ذرائع کے مطابق کمیشن ایجنٹوں نے مہنگی سبزیاں دوکانداروں کو فروخت کیں ،اور مارکیٹ کمیٹی نے نرخ ناموں پر قیمتیں کم ظاہر کر کے ایپ پر چڑھا دیں یہی نہیں ضلعی و ڈویژنل انتظامیہ کو بھی سب اچھا کی رپورٹ دی گئی ، جبکہ پیاز جسکی قیمت50روپے تھی وہ 120 روپے اسی طرح ٹماٹر بھی 60 روپے سے بڑھ کر 120 ، ادرک 680 ، تھوم 600 ،دھنیا 400 ،کریلا 120 اورگوبھی 160 روپے اسی طرح دیگر سبزیاں بھی اضافی قیمتوں پر فروخت ہوتی رہیں، دوسری جانب گھی، مصالہ جات اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں بھی بیس تک اضافہ دیکھنے میں آیا۔
متعدد غریب دکاندارانتظامی کاروائی اور جرمانوں کی زد میں آئے جبکہ مافیا چین کی بانسری بجاتا رہااورقدرتی مہنگائی کیساتھ ساتھ ناجائز منافع خوری نے غریب اور متوسط طبقے کو پریشان کئے رکھا،صارفین کا کہنا کہ اعلانات کے باوجود منافع خوری اور کمیشن ایجنٹوں پر نکیل ڈالنے میں ناکامی باعث تشویش ہے زرعی اجناس،کھانے پینے کی تیارشدہ آئٹمز اور دیگر اشیا کی خرید و فروخت کے عمل میں کمیشن ایجنٹوں کی ناجائز منافع خوری کے باعث یہ اشیاء مہنگے داموں صارف تک پہنچ رہی ہیں، جبکہ کاشتکار اور مینو فیکچررز کو بھی یہ طبقہ استعمال کر کے قدرتی مہنگائی کی آڑ مصنوعی مہنگائی کے ذریعے لوٹ مار کر رہا ہے ،انہوں نے کمشنر حافظ شوکت علی سے نوٹس لے کر سخت اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے ۔