محکمہ ایکسائز نے ٹیکس اہداف کامیابی سے حاصل کر لیے
ایک ارب 82 کروڑ 83 لاکھ 47 ہزار 651 روپے سے زائد کی ریکوری مکمل ،مقررہ ہدف سے 2 کروڑ 13 لاکھ 97 ہزار 239 روپے زیادہ ہے 10 ماہ اور 19 دن میں پراپرٹی ٹیکس کی مد میں 47 کروڑ 73 لاکھ روپے ریکوری کی گئی، موٹر ٹیکس کا مقررہ ہدف 88 کروڑ 96 لاکھ 6 ہزار 419 روپے تھا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سرگودھا ڈویژن نے مختلف حکومتی ٹیکس اہداف کامیابی سے حاصل کر لیے ۔ ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سرگودھا ڈویڑن محمد علی نوید نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ محکمہ نے ایک ارب 82 کروڑ 83 لاکھ 47 ہزار 651 روپے سے زائد کی ریکوری مکمل کر لی ہے ، جو مقررہ ہدف سے 2 کروڑ 13 لاکھ 97 ہزار 239 روپے زیادہ ہے ، ڈائریکٹر جنرل محکمہ ایکسائز پنجاب کی جانب سے سرگودھا ڈویژن کے چاروں اضلاع سرگودھا، خوشاب، میانوالی اور بھکر کو مجموعی طور پر سالانہ ٹیکس ریکوری کا ہدف دیا گیا تھا، جسے 20 مئی 2026 کو مکمل کر لیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ای ٹی اوز، انسپکٹرز اور دیگر عملے نے شب و روز محنت کرکے یہ کامیابی حاصل کی۔
محمد علی نوید کے مطابق 10 ماہ اور 19 دنوں کے دوران چاروں اضلاع سے پراپرٹی ٹیکس کی مد میں 47 کروڑ 73 لاکھ روپے سے زائد ریکوری کی گئی، جبکہ موٹر ٹیکس کا مقررہ ہدف 88 کروڑ 96 لاکھ 6 ہزار 419 روپے تھا، تاہم محکمہ نے ایک ارب 13 کروڑ 64 لاکھ 37 ہزار 990 روپے وصول کیے ، جو ہدف سے 48 کروڑ 74 لاکھ 20 ہزار 161 روپے زائد ہیں، ای ٹی او محمد عارف قادری سرگودھا، احسان قادر مجوکہ خوشاب، شاید نعیم میانوالی،بلال نزیر بھکر اور ان کے عملے نے سالانہ ٹارگٹ کے حصول کے لیے بھرپور محنت اور لگن سے کام کیا، جس کے نتیجے میں سرگودھا ڈویڑن صوبے میں سب سے پہلے ہدف مکمل کرنے والا ڈویژن بنا۔