تمام ترقیاتی سرگرمیاں مقررہ ٹائم پر مکمل کی جائیں،کمشنر
تمام ترقیاتی سرگرمیاں مقررہ ٹائم پر مکمل کی جائیں،کمشنرمنصوبوں میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے ،اجلاس سے خطاب
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کی زیرصدارت \\\"اپنا کھیت اپنا روزگار\\\" انیشی ایٹو، پلس پراجیکٹ اور سٹی بیوٹیفکیشن/اربن ری جنریشن پلان کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چاروں اضلاع سرگودھا، خوشاب، میانوالی اور بھکر کے ڈپٹی کمشنرز، متعلقہ محکموں کے افسران اور منصوبہ جات سے وابستہ نمائندگان نے شرکت کی،اجلاس کے دوران مختلف ترقیاتی اور فلاحی منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر حافظ شوکت علی نے تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل اور مقررہ اہداف کے حصول کے لیے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے شروع کیے گئے عوامی فلاحی پروگراموں کے ثمرات ہر صورت عام شہریوں تک پہنچنے چاہئیں،اجلاس میں پلس پراجیکٹ کے مختلف پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
کمشنر نے کہا کہ یہ منصوبہ پائیدار ترقی، بنیادی سہولیات کی بہتری اور مقامی سطح پر عوامی مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبے کے تمام مراحل کی مسلسل نگرانی کی جائے اور پیش رفت رپورٹس باقاعدگی سے جمع کرائی جائیں۔سٹی بیوٹیفکیشن پراجیکٹ اور اربن ری جنریشن پلان کے تحت شہر کی خوبصورتی، صفائی ستھرائی، گرین بیلٹس کی بحالی، سڑکوں اور چوکوں کی تزئین و آرائش، وال پینٹنگ، پارکس کی بہتری اور دیگر شہری سہولیات کے اقدامات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر حافظ شوکت علی نے کہا کہ شہریوں کو صاف، خوبصورت اور بہتر ماحول فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون اور مؤثر رابطے کے ساتھ کام کریں،انہوں نے مزید ہدایت کی کہ جاری منصوبوں میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور تمام ترقیاتی سرگرمیاں مقررہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کی جائیں۔