محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے روٹس کا تفصیلی معائنہ
خوشاب(نمائندہ دُنیا)ڈپٹی کمشنر خوشاب ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر نے ڈی پی او خوشاب کے ہمراہ تحصیل نورپور تھل اور جمالی بلوچاں میں محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے روٹس کا تفصیلی معائنہ کیا۔
اس موقع پر انہوں نے مرکزی امام بارگاہ کا بھی دورہ کیا اور محرم الحرام کے حوالے سے کیے گئے سیکورٹی ، صفائی ستھرائی، ٹریفک مینجمنٹ، لائٹنگ اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔ ضلعی انتظامیہ و پولیس کے سربراہان نے مجالس اور جلوسوں کے منتظمین سے بھی ملاقاتیں کیں اور انہیں فول پروف سیکورٹی مہیا کرنے کی یقین دہانی کرائی ، ڈی پی او خوشاب ڈاکٹر عمارہ شیرازی نے مجالس و جلوسوں کے دوران امن او امان برقرار رکھنے کیلئے پولیس کے سیکورٹی پلان کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر نے متعلقہ اداروں کے ذمہ داران کو جلوسوں کے روٹس کی صفائی اور کلیئرنس سمیت دیگر ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدائت کی،انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس محرم الحرام کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ اور پرامن ماحول کی فراہمی کے لیے مکمل طور پر متحرک رہیں گی۔