یونیورسٹی سرگودھا کے وائس چانسلر کی رانا سکندر حیات سے ملاقات
یونیورسٹی سرگودھا کے وائس چانسلر کی رانا سکندر حیات سے ملاقات جامعہ کے ترقیاتی منصوبوں، تحقیقی کامیابیوں اور مستقبل کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) یونیورسٹی آف سرگودھا کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے منسٹر ہائرایجوکیشن پنجاب رانا سکندر حیات خان سے ملاقات کی، جس میں جامعہ کے ترقیاتی منصوبوں، تحقیقی کامیابیوں اور مستقبل کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں چیئرمین پنجاب زکوٰۃ و عشر کونسل رانا منور غوث خان، چیئرمین پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن ملک شعیب اعوان اور رکن پنجاب اسمبلی میاں سلطان علی رانجھا بھی شریک تھے ۔اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے وزیر اعلیٰ تعلیم کو ہائر ایجوکیشن کمیشن کی حالیہ ریسرچ پروڈکٹیویٹی رینکنگ میں یونیورسٹی آف سرگودھا کی نمایاں کارکردگی سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا نے پنجاب کی جنرل کیٹیگری یونیورسٹیوں میں پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ قومی سطح پر نویں نمبر پر رہی، اور اس دوران کئی ممتاز جامعات بشمول لمز کو پیچھے چھوڑ دیا۔وائس چانسلر نے یونیورسٹی کے تین اہم منصوبوں پر بھی بریفنگ دی جن میں چین میں کیمپس کا قیام، پاک چین ہسپتال اور بین الاقوامی بورڈنگ سکول کے منصوبے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبے یونیورسٹی کی بین الاقوامی شناخت، تعلیمی معیار اور تحقیقی و پیشہ ورانہ مواقع کو مزید وسعت دینے میں معاون ثابت ہوں گے رانا سکندر حیات خان نے یونیورسٹی آف سرگودھا کی تعلیمی و تحقیقی کامیابیوں پر وائس چانسلر اور جامعہ انتظامیہ کو مبارکباد دی۔ انہوں نے پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس کی قیادت میں جامعہ کی ترقی اور تحقیقی میدان میں حاصل ہونے والی نمایاں پیش رفت کو سراہتے ہوئے انتظامیہ کی محنت اور عزم کی تعریف کی۔صوبائی وزیر نے اعلیٰ تعلیم کے فروغ، تحقیقی معیار میں بہتری اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ کے لیے حکومتی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔