گورنمنٹ کالج برائے خواتین بھاگٹانوالہ کی اپگریڈیشن پر تقریب
گورنمنٹ کالج برائے خواتین بھاگٹانوالہ کی اپگریڈیشن پر تقریب طالبات کو اپنے علاقے میں ہی اعلیٰ تعلیم کے بہتر مواقع میسر آئیں گے :ڈاکٹر صائمہ
بھاگٹانوالہ (نمائندہ دنیا)گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین بھاگٹانوالہ کی گریجویٹ کالج کے طور پر اپ گریڈیشن اور پرنسپل ڈاکٹر صائمہ مبشرہ کی ایسوسی ایٹ پروفیسر آف انگلش کے عہدے پر ترقی کے اعزاز میں کالج میں ایک پروقار تہنیتی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں تدریسی اور انتظامی عملے نے بھرپور شرکت کی اور پرنسپل ڈاکٹر صائمہ مبشرہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کالج کی مزید ترقی اور تعلیمی بہتری کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرنسپل ڈاکٹر صائمہ مبشرہ نے کالج کی گریجویٹ سطح پر اپ گریڈیشن کو اہلِ علاقہ، بالخصوص طالبات اور ان کے والدین کے لیے ایک اہم اور خوش آئند پیش رفت قرار دیا۔
انہوں نے اس اہم کامیابی پر اہلِ علاقہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے حکومتِ پنجاب، ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن، ڈی پی آئی کالجز پنجاب اور دیگر متعلقہ حکام کا شکریہ ادا کیا۔ڈاکٹر صائمہ مبشرہ نے کہا کہ کالج کی اپ گریڈیشن سے طالبات کو اپنے علاقے میں ہی اعلیٰ تعلیم کے بہتر مواقع میسر آئیں گے ۔جس سے نہ صرف تعلیمی معیار میں بہتری آئے گی بلکہ علاقے میں تعلیمی ترقی کو بھی مزید فروغ حاصل ہوگا۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ادارہ مستقبل میں بھی معیاری تعلیم کی فراہمی، طالبات کی علمی و عملی صلاحیتوں کے فروغ اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیمی ماحول کی فراہمی کے لیے اپنی خدمات بھرپور انداز میں جاری رکھے گا۔