ریونیو ریکوری، گورننس اور عوامی خدمت میں بہتری کی ہدایت
ریونیو ریکوری، گورننس اور عوامی خدمت میں بہتری کی ہدایت نمبرداروں کے خلاف کارروائی کا حکم، ماہانہ کارکردگی جائزہ اجلاس میں اہم فیصلے
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے ریونیو ریکوری، عوامی خدمت اور گورننس میں بہتری پر زور دیتے ہوئے ٹارگٹ حاصل نہ کرنے والے نمبرداروں کے خلاف کارروائی کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔یہ احکامات ڈپٹی کمشنر کمپلیکس سرگودھا میں منعقدہ ماہانہ کارکردگی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیے گئے ۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چودھری، تمام ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، ایم ڈی واسا، پی ایچ اے ، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ، ایکسیئن ہائی ویز، بلڈنگز، لوکل گورنمنٹ، افیسکو کنسٹرکشن، سی ای او ہیلتھ، سی ای او ایجوکیشن، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن، چیف آفیسر ضلع کونسل اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کے گورننس کے پی آئیز، ریونیو ریکوریپنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ، سٹی بیوٹیفکیشن اور مون سون تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔کمشنر حافظ شوکت علی نے ریونیو ریکوری کے اہداف کے حصول پر ڈپٹی کمشنرز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ ایسے نمبردار جو حکومتی اہداف کے حصول میں معاونت نہیں کر رہے یا اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا نہیں کر رہے ، ان کے خلاف قواعد کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے ۔انہوں نے کہا کہ افسران کرسی کے دوسری جانب بیٹھ کر شہریوں کے مسائل کو سمجھیں اور ایسے اقدامات کریں جن سے عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم ہو۔ عوامی خدمت، شفافیت اور جوابدہی اچھی حکمرانی کی بنیاد ہیں۔
کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز وزیراعلیٰ پنجاب کے عوامی بہبود کے اقدامات پر خصوصی توجہ دیں اور ضلع کی درجہ بندی بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف محکموں کے درمیان رابطے کا فقدان نہیں ہونا چاہیے اور بین الادارہ تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے ۔انہوں نے واضح کیا کہ سائلین کے ساتھ بدتمیزی یا غیر مناسب رویہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور عوام کو باعزت ماحول میں خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔اجلاس میں انسداد تجاوزات مہم کا بھی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ تجاوزات دوبارہ قائم نہ ہوں اور سرکاری اراضی پر قبضوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے ۔اس موقع پر کمشنر نے سی ای او ایجوکیشن کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تعلیمی شعبے میں بہتری اور معیار کے فروغ کے لیے اقدامات مزید تیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔