عوام کا سرگودھا ریل کار کی بندش پر تشویش کا اظہار
کندیاں (نمائندہ دنیا)سرگودھا ریل کار کی بحالی کا مطالبہ ایک بار پھر زور پکڑ گیا ہے ، مسافروں نے ٹرین سروس کی بندش پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔
سرگودھا، خوشاب اور میانوالی کے درمیان چلنے والی مسافر ٹرین کی بندش کے باعث شہری سستے ، آرام دہ اور محفوظ سفر کی سہولت سے محروم ہو چکے ہیں۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اس روٹ پر دن کے اوقات میں چلنے والی اکلوتی ریل گاڑی کی بندش سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور وہ مہنگے کرایوں کے باعث ٹرانسپورٹ مافیا کے ہاتھوں مجبور ہیں۔شہریوں کے مطابق چند سال قبل یہ ٹرین باقاعدگی سے روزانہ دو چکر لگاتی تھی اور اسے منافع بخش سروس بھی قرار دیا جاتا تھا، تاہم بعد ازاں اسے انجنوں کی کمی اور دیگر وجوہات کی بنیاد پر بند کر دیا گیا۔عوامی و سماجی حلقوں نے وزیراعظم پاکستان اور ریلوے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سرگودھاکندیاں ریل کار کو فوری طور پر بحال کیا جائے تاکہ عوام کو سستی اور محفوظ سفری سہولت دوبارہ میسر آ سکے ۔