محکمہ بہبود آبادی کے زیر اہتمام سٹیک ہولڈرز کا اجلاس

محکمہ بہبود آبادی کے زیر اہتمام سٹیک ہولڈرز کا اجلاس

مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی شرکت پر آگاہی پر زور

داؤدخیل (نمائندہ دنیا)محکمہ بہبود آبادی میانوالی کے زیر اہتمام میونسپل کمیٹی میانوالی میں سٹیک ہولڈرز اجلاس منعقد ہوا، جس میں علمائے کرام، خطباء، سماجی رائے سازوں اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر سابق ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر حاجی ملک عبدالرزاق بھی موجود تھے ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر میانوالی ملک طارق محمود عزیز اعوان نے کہا کہ محکمہ بہبود آبادی کے ساتھ وابستہ علمائے کرام، آئمہ مساجد اور سماجی رائے ساز معاشرے میں صحت اور خاندانی منصوبہ بندی سے متعلق پیغام مؤثر انداز میں پہنچا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کے مسائل سے نمٹنے اور ماں و بچے کی صحت کے تحفظ کے لیے عوام میں شعور اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔تحصیل پاپولیشن ویلفیئر آفیسر کلیم اللہ ملک نے بتایا کہ ضلع میانوالی میں 70 آئمہ کرام اور 30 سماجی رائے ساز محکمہ کے ساتھ منسلک ہیں، جو باقاعدگی سے اجلاسوں، سیمینارز اور جمعہ کے خطبات کے ذریعے عوام کو بچوں کی پیدائش میں مناسب وقفہ، ماں اور بچے کی صحت اور وسائل کے مطابق خاندانی منصوبہ بندی کی اہمیت سے آگاہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ مہنگائی کے دور میں وسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے خاندان کی منصوبہ بندی ضروری ہے تاکہ بچوں کی بہتر پرورش اور نشوونما ممکن بنائی جا سکے ۔اجلاس سے پروفیسر قاری ڈاکٹر ظفر اقبال، علامہ منصور شاہ اویسی اور معروف شاعر و ادیب مظہر نیازی نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے اسلامی تعلیمات کی روشنی میں خاندان کی بہتر پرورش، ذمہ دارانہ منصوبہ بندی اور محدود وسائل میں متوازن خاندانی نظام کی اہمیت پر اظہارخیال کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں