حضرت عمر فاروقؓ کی شہادت کے موقع پر جلوس و تقریبات

 حضرت عمر فاروقؓ کی شہادت کے موقع پر جلوس و تقریبات

آپؓ کا دورِ خلافت اسلامی تاریخ کا ایک روشن باب ہے : مقررین کی تقاریر

بھاگٹانوالہ (نمائندہ دنیا)یکم محرم الحرام کے موقع پر خلیفئہ دوم، امیرالمؤمنین حضرت عمر فاروقؓ کی شہادت کے حوالے سے بھاگٹانوالہ میں مختلف جلوسوں اور مذہبی تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جن میں علمائے کرام، مذہبی و سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔مقررین نے اپنے خطابات میں حضرت عمر فاروقؓ کی دینی، سیاسی، انتظامی اور فلاحی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آپؓ کا دورِ خلافت اسلامی تاریخ کا ایک روشن باب ہے ، جس میں عدل و انصاف، دیانت داری، عوامی خدمت اور فلاحی نظام کی مثالی بنیادیں قائم کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ حضرت عمر فاروقؓ کی سیرت آج بھی حکمرانوں اور عوام کے لیے مشعلِ راہ ہے ۔تقریبات کے اختتام پر ملک پاکستان کی سلامتی، ترقی، استحکام اور امتِ مسلمہ کے اتحاد و اتفاق کیلئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔دریں اثنا ایس ایچ او تھانہ بھاگٹانوالہ اسامہ اسد کی سربراہی میں جلوسوں اور مذہبی تقریبات کے دوران سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ۔ پولیس اہلکار مقررہ مقامات پر تعینات رہے جبکہ جلوس اپنے مقررہ راستوں سے پُرامن طور پر اختتام پذیر ہوئے ۔ شہریوں نے مؤثر سکیورٹی انتظامات پر پولیس کی کارکردگی کو سراہا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں