واقعئہ کربلا حق و باطل کے معرکے کی لازوال مثال :مولانا شوکت

واقعئہ کربلا حق و باطل کے معرکے کی لازوال مثال :مولانا شوکت

حضرت امام حسینؓ کی تعلیمات اور قربانی رہتی دنیا تک قائم رہے گی :خطاب

خوشاب (نمائندہ دنیا)ممتاز عالمِ دین مولانا شوکت حسین قمی نے کہا ہے کہ واقعئہ کربلا تاریخِ انسانیت کا ایک ایسا روشن باب ہے جس کی مثال نہیں ملتی۔ حضرت امام حسینؓ، اہلِ بیتؓ اور ان کے وفادار ساتھیوں پر ڈھائے گئے مظالم، خصوصاً پانی بند کرکے پیاسا شہید کرنا، ظلم و بربریت کی انتہا تھی۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار مرکزی امام بارگاہ حسینیہ جوہرآباد میں محرم کمیٹی انجمن حسینیہ کے زیرِ اہتمام عشرئہ محرم الحرام کی پہلی مجلسِ عزا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا بھر میں مختلف مذاہب اور مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد حضرت امام حسینؓ کی عظیم قربانی کو عقیدت و احترام سے یاد کرتے ہیں، جبکہ ظلم و جبر کی علامت بننے والے کردار تاریخ میں نفرت اور عبرت کی مثال بن چکے ہیں۔مولانا شوکت حسین قمی نے کہا کہ واقعئہ کربلا انسانیت کو یہ پیغام دیتا ہے کہ حق اور سچائی کی خاطر ہر قسم کی قربانی دی جا سکتی ہے ، لیکن ظلم، جبر اور ناانصافی کے سامنے سر جھکانا کسی مومن کا شیوہ نہیں۔ حضرت امام حسینؓ کی تعلیمات اور قربانی رہتی دنیا تک حق، عدل، صبر اور استقامت کا روشن مینار بنی رہیں گی۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام ایثار، قربانی، صبر اور حق و صداقت پر ثابت قدم رہنے کا مہینہ ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں