ٹی ایچ کیو ہسپتال انور آباد چک90جنوبی کی خراب صورتحال،مریضوں کی شدید مشکلات
عمارت کے ایک حصے کی چھت گرنے کے بعد آؤٹ وارڈ کو بند کر دیا گیا، باقی عمارت کی بھی حالت مخدوش، الٹراساؤنڈ، ایکسرے اور دیگرسہولیات بھی موجود نہیں، اعلیٰ حکام سے نو ٹس لینے کی اپیل
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)ٹی ایچ کیو ہسپتال انورآباد چک 90 جنوبی میں گزشتہ ماہ عمارت کے ایک حصے کی چھت گرنے کے بعد آؤٹ وارڈ کو بند کر دیا گیا، جس کے باعث مریضوں کو علاج معالجے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔مریضوں کو ہسپتال میں داخل رہ کر علاج کی سہولت متاثر ہوئی ہے ، جبکہ ہسپتال کی باقی عمارت بھی مخدوش حالت میں ہے جو کسی بھی وقت حادثے باعث بن سکتی ہے ۔ مکینوں کا کہنا ہے تحصیل سطح کے ہسپتال میں الٹراساؤنڈ، ایکسرے اور دیگرسہولیات موجود نہیں، مریضوں کو یا تو پرائیویٹ کلینکس کا رخ کرنا پڑتا ہے یا 25 کلومیٹر دور شہر جانا پڑتا ہے ، جس سے مشکلات اور اخراجات میں اضافہ ہو جاتا ہے ۔ لوگوں نے مزید بتایاہسپتال کی تزئین و مرمت کیلئے گرانٹ کی منظوری کے باوجود تاحال کوئی عملی کام شروع نہیں ہو سکا، صورتحال مزید خراب ہو رہی ہے ۔علاقہ مکینوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے اپیل کی ہے ٹی ایچ کیو ہسپتال انورآباد کی فوری بحالی اور بہتری کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو بنیادی صحت کی سہولیات ان کی دہلیز پر میسر آ سکیں۔