حضرت امام حسینؓ نے حق و ہدایت کا راستہ دکھایا، مولانا شوکت

حضرت امام حسینؓ نے حق و  ہدایت کا راستہ دکھایا، مولانا شوکت

خوشاب (نمائندہ دنیا) ممتاز عالمِ دین مولانا شوکت حسین قمی نے کہا ہے کہ نواسئہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام نورِ خدا اور چراغِ ہدایت ہیں۔

جنہوں نے انسانیت کو ظلمت، گمراہی اور جہالت کے اندھیروں سے نکال کر حق، ہدایت اور صراطِ مستقیم کا راستہ دکھایا۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار مرکزی امام بارگاہ حسینیہ، جوہرآباد میں محرم کمیٹی انجمن حسینیہ کے زیرِ اہتمام عشرئہ محرم کی تیسری مجلسِ عزا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مولانا شوکت حسین قمی نے کہا کہ جب امتِ مسلمہ کا ایک بڑا طبقہ یزید جیسے فاسق و فاجر حکمران کے سامنے سرِ تسلیم خم کر چکا تھا اور حق و باطل کے درمیان امتیاز مٹتا جا رہا تھا، تو ایسے نازک مرحلے پر حضرت امام حسین ؓنے اپنے عظیم قیام، بے مثال قربانی اور استقامت کے ذریعے حق و صداقت کا پرچم بلند کیا۔ انہوں نے کہا کہ امام حسین ؓ نے نہ صرف امتِ مسلمہ بلکہ پوری انسانیت کو ظلم، جبر اور استبداد کے خلاف ڈٹ جانے ، حریت اور عزتِ نفس کا درس دیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں