6 ماتمی جلوس پرامن طور پر اختتام پذیر، 250 مجالسِ
6 ماتمی جلوس پرامن طور پر اختتام پذیر، 250 مجالسِجلوسوں اور مجالس کو کیٹیگری اے ، بی اور سی کا درجہ دے کر انتظامات کئے گئے
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)سرگودھا میں جمعہ کے روز چھ ماتمی، علم اور ذوالجناح کے جلوس برآمد ہو کر پرامن طور پر اختتام پذیر ہوئے ، جبکہ شہر بھر میں 250 مقامات پر مجالسِ عزا کا انعقاد کیا گیا جن میں شہدائے کربلا کے فلسفہ کو اجاگر کیا گیا۔ذرائع کے مطابق شہر میں جلوسوں کا آغاز غنی پارک کے تین مقامات سے بعد از مجلس شبیہہ علم کے ساتھ ہوا، جبکہ گوندل ٹاؤن اور سٹیلائٹ ٹاؤن کے تین مختلف مقامات سے مرکزی جلوسِ ذوالجناح سمیت علم کے جلوس برآمد ہوئے ۔ یہ تمام جلوس اپنے مقررہ راستوں سے گزرتے ہوئے پرامن طور پر اختتام پذیر ہو گئے ۔ان جلوسوں اور مجالس کو کیٹیگری اے ، بی اور سی کا درجہ دے کر فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے گئے ، جس کے تحت 300 سے زائد مسلح اہلکاروں کو تعینات رکھا گیا۔ پولیس کی جانب سے شرکاء کی جامع چیکنگ کے لیے اہم مقامات پر واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیٹیکٹرز کا استعمال کیا گیا۔خواتین کی چیکنگ کے لیے لیڈیز پولیس اہلکار بھی ڈیوٹی پر مامور رہیں، جبکہ تمام سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی ایس پی رینک کے افسروں نے کی۔پولیس حکام کے مطابق تمام جلوس اور مجالس مکمل طور پر پرامن ماحول میں اختتام پذیر ہوئے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔