فلڈ وارننگ ،نظر این جی اوز کو الرٹ کرنے کی ہدایت
فلڈ وارننگ ،نظر این جی اوز کو الرٹ کرنے کی ہدایت سرگرم علاقائی اور بین الاقوامی این جی اوز کی مکمل فہرستیں تیار کرنے کاحکم
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)حکومت نے امسال ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر فلڈ وارننگ سسٹم کے تحت غیر سرکاری تنظیموں (این جی اوز) کو بھی الرٹ کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے ۔سرگودھا سمیت ڈویژن بھر میں ایمرجنسی ایکشن پلان کے تحت تعینات فوکل پرسنز کو کہا گیا ہے کہ وہ اپنے متعلقہ علاقوں میں سرگرم علاقائی اور بین الاقوامی این جی اوز کی مکمل فہرستیں تیار کریں۔ ان تنظیموں کے سرکردہ رہنماؤں کے کوائف، رابطہ نمبرز اور دیگر ضروری معلومات بھی مرتب کر کے متعلقہ حکام کو ارسال کی جائیں۔ہدایت نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام حاصل شدہ معلومات کو ایمرجنسی ایکشن اور ریلیف پلان میں باقاعدہ طور پر شامل کیا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری امدادی کارروائیوں کو مؤثر اور مربوط بنایا جا سکے ۔