بھیرہ:ڈی ایچ کیو سرگودھا میں جدید سٹروک سینٹر کا قیام
بھیرہ:ڈی ایچ کیو سرگودھا میں جدید سٹروک سینٹر کا قیام درجن سے زائدڈی ایچ کیو ہسپتالوں میں سہولت دی گئی :صہیب احمد بھرتھ
بھیرہ (نامہ نگار)صوبائی وزیر مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ نے بھیرہ پریس کلب رجسٹرڈ کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وزیر مملکت ڈاکٹر ملک مختار احمد بھرتھ کی خصوصی کاوشوں سے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سرگودھا میں فالج کے مریضوں کیلئے جدید سٹروک سینٹر قائم کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اس مقصد کے لیے ہسپتال میں ایک علیحدہ وارڈ مختص کیا گیا ہے جہاں تمام ضروری طبی سہولیات فراہم کر دی گئی ہیں۔ صوبائی وزیر کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت عوام کو جدید اور معیاری صحت سہولیات کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات جاری ہیں۔ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ سٹروک سنٹر میں فالج کے مریض ابتدائی 4سے 5گھنٹوں کے اندر تین لاکھ روپے مالیت کا TNKانجکشن مفت حاصل کر کے مستقل معذوری سے بچ سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے ایک درجن سے زائد ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں یہ سہولت پہلے ہی فراہم کی جا چکی ہے اور اب ضلع سرگودھا کے عوام بھی اس جدید علاج سے مستفید ہو سکیں گے ۔عوامی حلقوں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور وزیر مملکت ڈاکٹر ملک مختار احمد بھرتھ کا شکریہ ادا کیا اور اسے صحت کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے ۔