محرم ،سکیورٹی کے فول پروف انتظامات، معاون خصوصی کا دورہ
محرم ،سکیورٹی کے فول پروف انتظامات، معاون خصوصی کا دورہشعیب مرزا ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کے ساتھ شاہپور، ساہیوال اور سلانوالی گئے
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام، بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ اور عزاداروں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے معاون خصوصی برائے انسپکشن ٹیم شعیب مرزا ضلع سرگودھا میں انتظامات کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔اسی سلسلے میں جمعہ کی شب انہوں نے ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد رضا چودھری اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سہیب اشرف کے ہمراہ شاہپور، ساہیوال اور سلانوالی تحصیلوں کا دورہ کیا اور مجالس و جلوسوں کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران سکیورٹی اقدامات، صفائی ستھرائی، لائٹنگ، طبی سہولیات، پینک بٹن سسٹم اور متبادل ٹریفک پلان کا معائنہ کیا گیا۔ معاون خصوصی نے مرکزی امام بارگاہوں، مجالس کے مقامات، جلوسوں کے روٹس، کنٹرول پوائنٹس، سٹریٹ لائٹس، نکاسی آب اور ریسکیو انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز اور ڈی ایس پیز نے عزاداروں کی سہولت، سیکیورٹی اور امن و امان کے قیام کے لیے کیے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔شعیب مرزا نے ہدایت کی کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق عزاداروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے ، اور جلوسوں کے راستوں پر بہترین لائٹنگ، صفائی، ٹھنڈے پانی کی سبیلیں، ریسکیو 1122، فیلڈ ہسپتالوں اور طبی امداد کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے ۔انہوں نے امام بارگاہوں میں نصب کیے گئے کیو آر کوڈ پینک بٹن سسٹم کا بھی جائزہ لیا اور کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے سیکیورٹی اور ایمرجنسی رسپانس کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے ۔معاون خصوصی نے تینوں تحصیلوں میں انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ انتظامی افسران، پولیس حکام اور فیلڈ عملے کی کارکردگی کو سراہا۔