نہروں، راجباہوں کے پشتے کمزور ، کٹائو میں اضافہ

نہروں، راجباہوں کے پشتے کمزور ، کٹائو میں اضافہ

پشتے مضبوط بنانے کے احکامات کے باوجود عملی اقدامات نہ ہونے کے برابر ،متعلقہ محکموں کی جانب سے صرف کاغذی کارروائی کے ذریعے حکام کو مطمئن کرنے کا سلسلہ جاری

سرگودھا (سٹاف رپورٹر)صوبائی حکومت کی جانب سے نہروں اور راجباہوں کے پشتے مضبوط بنانے کے احکامات کے باوجود ضلع سرگودھا میں عملی اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں، جبکہ متعلقہ محکموں کی جانب سے مبینہ طور پر صرف کاغذی کارروائی کے ذریعے حکام کو مطمئن کرنے کا سلسلہ جاری ہے ۔ذرائع کے مطابق مالی سال کے آغاز پر حکومت نے نہروں اور راجباہوں کے کناروں کو مضبوط بنانے اور کٹاؤ روکنے کے لیے فنڈز مختص کرتے ہوئے فوری اقدامات کی ہدایت جاری کی تھی، تاہم مالی سال اپنے اختتام کے قریب ہونے کے باوجود بیشتر علاقوں میں ان ہدایات پر عملدرآمد نظر نہیں آتا۔ضلعی انتظامیہ اور محکمہ انہار کی مبینہ عدم توجہی کے باعث ضلع کی متعدد نہروں اور راجباہوں کے پشتے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ کئی مقامات پر شدید کٹاؤ کے باعث نہروں کے ساتھ ملحقہ سڑکوں کا بڑا حصہ پانی کی نذر ہو چکا ہے ، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر اور حادثات کا خطرہ بڑھ گیا ہے ۔مقامی افراد کے مطابق کناروں کے مسلسل کٹاؤ سے نہروں کی چوڑائی میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ قیمتی زرعی اراضی بھی متاثر ہو رہی ہے ۔ بعض مقامات پر مویشی نہلانے اور گاڑیاں دھونے کے عمل سے پشتوں کی کمزوری میں مزید اضافہ ہو رہا ہے ۔شہریوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر بروقت حفاظتی اقدامات نہ کیے گئے تو آئندہ مون سون سیزن میں نہروں کے پشتے ٹوٹنے سے زرعی زمینوں، سڑکوں اور آبادیوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچ سکتا ہے ۔عوامی و سماجی حلقوں نے کمشنر سرگودھا، ڈپٹی کمشنرز اور محکمہ انہار کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ پشتوں کی مضبوطی کے منصوبوں پر فوری اور مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے ، ذمہ داران کا تعین کیا جائے اور فنڈز کے استعمال کی شفاف نگرانی کی جائے تاکہ ممکنہ نقصانات سے بچا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں