پنجاب کالج خوشاب میں طلبہ کے لیے ٹریفک آگاہی لیکچر
ہیلمٹ کے استعمال، سیٹ بیلٹ باندھنے ،دیگر قوانین پر عمل کرنے کی تلقین
خوشاب(نمائندہ دُنیا)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خوشاب ڈاکٹر عمارہ شیرازی کی ہدایات اور ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر سید قمر اقبال کی زیر نگرانی گروپ آف پنجاب کالج خوشاب میں طلبہ کے لیے خصوصی ٹریفک آگاہی لیکچر کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر کالج کے پرنسپل محمد بلال نور، ڈی ایس پی ٹریفک سید قمر اقبال حیدر، انچارج ٹریفک ایجوکیشن ونگ اسسٹنٹ سب انسپکٹر طارق نعیم، فزیکل پروفیسر محمد عارف سمیت دیگر اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد شریک تھی،۔لیکچر کے دوران طلبہ کو جووینائل (Juvenile) ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا سے متعلق تفصیلی آگاہی دی گئی۔ بتایا گیا کہ 16 سے 18 سال کی عمر کے نوجوان اپنے والدین یا سرپرست کے ہمراہ کسی بھی ڈسٹرکٹ ٹریفک پولیس خدمت مرکز یا پولیس خدمت مرکز وین سے جووینائل ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر سکتے ہیں۔شرکا کو ہیلمٹ کے لازمی استعمال، سیٹ بیلٹ باندھنے ، ون وے کی خلاف ورزی سے اجتناب، ون ویلنگ جیسے خطرناک رجحانات سے دور رہنے اور دیگر ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کرنے کی تلقین کی گئی۔ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر سید قمر اقبال نے کہا کہ نوجوان نسل میں ٹریفک شعور اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ، کیونکہ ٹریفک قوانین کی پابندی ہی محفوظ سفر اور قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کی ضمانت ہے ْ۔