بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کو اذیت میں مبتلا کر دیا
ایک جانب تو عوام کا سکون برباد ،دو سری جانب کاروبار زندگی بھی متاثر
خوشاب(نمائندہ دُنیا)جوہر آباد اور نواحی علاقوں میں گرمی اور حبس کے شدید ترین موسم میں واپڈا کی جانب سے کی جانیوالی بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کو اذیت میں مبتلا کر دیا پورے علاقہ میں کئی کئی گھنٹے بجلی بند رہنے سے ایک جانب تو عوام کا سکون برباد ہو چکا ہے اور دو سری جانب کاروبار زندگی بھی بری طرح متاثر ہو رہا ہے ، ضلع خوشاب میں فراہمی آب کے بیشتر منصوبے الیکٹرک سورس پر چلتے ہیں جس کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ کے دوران واٹر سپلائی سکیمیں بھی کام نہیں کرتیں اور لوگوں کیلئے پینے کے صاف کا حصول ناممکن ہو جاتا ہے ، ضلع خوشاب کے سماجی اور عوامی حلقوں نے اس صورتحال پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی ناروا طویل اور غیر علانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ فی الفور بند کیا جائے انہوں نے کہ کہا کہ حکومت کی جانب سے برقی توانائی میں اضافہ کے خوشنما اعلانات اور صارفین سے بھاری بلوں کی وصولی کے باوجود گرمی کے شدید ترین موسم میں شہریوں کو بجلی کی سہولت سے محروم رکھنا سر سرا نا انصافی ہے ۔