سرکاری کھال مسمار کر کے خزانے کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچانے پر تین افراد کے خلاف مقدمہ درج
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) دوسرے کاشتکاروں تک نہری پانی کی ترسیل روکنے کیلئے سرکاری کھال مسمار کر کے خزانے کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچانے پر تین افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
کولووال کے رہائشی محمد خان و دیگر نے محکم انہار حکام کے ہمراہ پولیس کو بتایا کہ 189شمالی میں محمد حیات وغیرہ نے پہلے بھی کھال مسمار کیا تھا جس سے پانی کی ترسیل رک گئی اور کاشتکاروں کی مشکلات اور شکایت پر محکمہ انہار نے کھال مرمت کر کے پانی بحال کیا مگر ملزمان نے دوبارہ یہی حرکت کی اور کھال کا کافی حصہ مشینری کے ذریعے مبینہ طور پر مسمار کرنے سے پانچ لاکھ روپے سے زائد کا سرکاری خزانے کو نقصان پہنچا ۔جس پر محمد حیات اور اسکے ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔