فیصل آباد:غیر علانیہ لوڈشیڈنگ سے معمولاتِ زندگی مفلوج
صنعتی علاقوں میں 8 سے 10 گھنٹے بجلی بند ، رات کی نیندنیندیں بھی حرام
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) غیر علانیہ لوڈشیڈنگ سے معمولاتِ زندگی مفلوج ہوکررہ گئے ۔ رہائشی علاقوں میں 10 سے 12 گھنٹے جبکہ صنعتی علاقوں میں 8 سے 10 گھنٹے تک بجلی کی بندش کا سلسلہ جاری ہے ،جس کے باعث نہ صرف گھریلو صارفین شدید مشکلات کا شکار ہیں بلکہ صنعتی علاقوں میں بجلی کی بندش سے صنعتوں کا پہیہ بھی متاثر ہو گیا ہے ، تفصیلات کے مطابق ملک کے دیگر علاقوں کی طرح فیصل آباد میں بھی ہر گزرتے دن کے ساتھ گرمی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے جبکہ فیسکو کی جانب سے کی جانے والی طویل اور غیر علانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے ۔رہائشی علاقوں میں بجلی کی بندش کا دورانیہ 12 گھنٹے سے بھی تجاوز کر چکا ہے ، جبکہ صنعتی علاقوں میں 8 سے 10 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے ،شہریوں کا کہنا ہے کہ دن کے وقت طویل لوڈشیڈنگ کے باعث ان کے روزمرہ معمولات بری طرح متاثر ہو رہے ہیں، جبکہ رات کے اوقات میں بجلی کی بندش نے ان کی نیندیں بھی حرام کر دی ہیں۔ بڑھتی ہوئی غیر علانیہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے اور اس سے پیدا ہونے والے مسائل کے حل کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے ۔