زیادہ تر علاقوں میں گرمی کی شدت بہت زیادہ بڑھنے کا امکان
گاڑیوں میں ماچس، لائٹر اور تیز پریشر والے اسپرے گرمی سے پھٹ سکتے ہیں گاڑی کا شیشہ تھوڑا سا کھلا رکھیں تاکہ اندر کی گرم ہوا باہر نکلتی رہے ،ڈاکٹرز
سرگودھا(سٹاف رپورٹڑ ) پی ایم اے اور پی ایچ اے سرگودھا کا ہنگامی اجلاس زیر صدارت ڈاکٹر سکندر حیات وڑائچ منعقد ہوا۔ جس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر غلام حسین فیضی’ ڈاکٹر محمد آصف چوہدری’ ڈاکٹر فواد حسین’ ڈاکٹر ظفر حیات میکن’ ڈاکٹر عدنان افضل گوندل’ ڈاکٹر خواجہ فرحت اقبال’ ڈاکٹر اقبال بھلوانہ’ عرفان فرید’ ڈاکٹر اقبال سمیع’ ڈاکٹر محمد علی بھلوانہ’ ڈاکٹر محمد اسلم اسد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے زیادہ تر علاقوں میں گرمی کی شدت بہت زیادہ بڑھنے کا امکان ہے ، جس میں درجہ حرارت *47 سے 55 ڈگری سینٹی گریڈ* تک جا سکتا ہے ۔ جس میں احتیاط ہی ہیٹ سٹروک سے بچا سکتی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپنی گاڑیوں میں سے ہر قسم کی گیس والی چیزیں’ ماچس، لائٹر اور تیز پریشر والے اسپرے جو گرمی سے پھٹ سکتے ہیں’ کولڈ ڈرنکس (شیشے یا کین والی بوتلیں)’ عطر، پرفیوم اور ہر قسم کی الیکٹرانک ڈیوائسز کی بیٹریاں نکال دیں۔ مزید برآں گاڑی کا شیشہ تھوڑا سا کھلا رکھیں تاکہ اندر کی گرم ہوا باہر نکلتی رہے ۔ گاڑی کی پٹرول ٹینک فل (بند) نہ کروائیں۔ گاڑی میں پٹرول ہمیشہ شام یا رات کے وقت ڈلوائیں۔گاڑی کے ٹائروں میں ضرورت سے زیادہ ہوا نہ بھریں۔ جسم میں پانی کی کمی نہ ہونے دیں، زیادہ سے زیادہ پانی اور ٹھنڈے مشروبات پیئیں۔ کھانا پکانے والے گیس سلنڈر (ایل پی جی) کو ہرگز دھوپ میں نہ رکھیں، انہیں سائے دار اور محفوظ جگہ پر رکھیں۔ بجلی کے میٹروں پر زیادہ لوڈ نہ ڈالیں۔ جس کمرے میں فیملی موجود ہو صرف وہیں کا اے سی (AC) چلائیں، دن کے وقت صبح 10بجے سے لے کر دوپہر 3 بجے تک براہِ راست تیز دھوپ میں نکلنے سے پرہیز کریں۔