رجسٹریشن برانچ میں مبینہ طور پر پرائیویٹ مافیا کے راج
افسران کی مبینہ پشت پناہی کے باعث غیر سرکاری افراد نے کنٹرول حاصل کر لیا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) بد انتظامی کے باعث تحصیل آفس سرگودھا کی رجسٹریشن برانچ (اربن) میں مبینہ طور پر پرائیویٹ مافیا کے راج، رشوت خوری اور سائلین کو خوار بدستور معمول بنا ہوا ہے ،ذرائع کے مطابق سیاسی سرپرستی اور بعض بااثر افسران کی مبینہ پشت پناہی کے باعث غیر سرکاری افراد نے رجسٹریشن برانچ کے معاملات پر عملی طور پر کنٹرول حاصل کر رکھا ہے ، جبکہ متعلقہ افسران اور ضلعی انتظامیہ اس صورتحال پر قابو پانے میں ناکام دکھائی دے رہے ہیں،ذرائع کا کہنا ہے کہ رجسٹریشن برانچ میں جائیدادوں کی رجسٹری کے لیے آنے والے شہریوں سے ہر دستخط اور مختلف مراحل پر سرکاری فیس کے علاوہ مبینہ طور پر اضافی رقم بطور رشوت وصول کی جاتی ہے ۔ الزام ہے کہ جب تک غیر سرکاری افراد کو من پسند رقم ادا نہ کی جائے ، فائلوں کو جان بوجھ کر روک لیا جاتا ہے اور درخواست گزاروں کو کئی کئی روز بلکہ ہفتوں تک دفاتر کے چکر لگوائے جاتے ہیں،یہی نہیں رجسٹریشن برانچ کے اہلکاروں کے ساتھ ساتھ پرائیویٹ افراد کی بڑی تعداد کے ذریعے اضافی تیس سے پچاس ہزار روپے وصول کر کے اہل کمیشن بیان کروائے جاتے ہیں ۔سائلین کا کہنا ہے کہ برانچ کے انچارج اور دیگر ذمہ دار افسران بھی اس مبینہ مافیا کو کنٹرول کرنے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں، جس کی وجہ سے شکایات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور عوام کا اعتماد متاثر ہو رہا ہے ،