شدید گرمی اور حبس میں گھنٹوں بجلی غائب کاروبار تباہ،لوگوں کا باہر نکلنے سے گریز

شدید  گرمی  اور  حبس میں  گھنٹوں بجلی  غائب  کاروبار  تباہ،لوگوں  کا  باہر  نکلنے  سے گریز

بازاروں، مارکیٹوں اور تجارتی مراکز میں بھی بجلی کی عدم دستیابی کے باعث کاروبار متاثر،گاہکوں کی آمد میں نمایاں کمی، خواتین، بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کو شدید اذیت کا سامنا

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) شہر اور گردونواح میں بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ بندش نے شہریوں کا جینا دوبھر کر دیا شدید گرمی اور حبس کے موسم میں گھنٹوں بجلی غائب رہنے سے نہ صرف صارفین رات کے سکون سے محروم ہو گئے بلکہ دن کے اوقات میں کاروباری سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہیں،ذرائع کے مطابق حالیہ دنوں درجہ حرارت میں مسلسل اضافے کے باعث گرمی کی شدت میں کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے ، جبکہ دوسری جانب بجلی کی بار بار اور طویل بندش نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے ۔ بجلی نہ ہونے کے باعث پنکھے ، اے سی اور دیگر برقی آلات بند رہنے سے گھروں میں خواتین، بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کو شدید اذیت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ،بازاروں، مارکیٹوں اور تجارتی مراکز میں بھی بجلی کی عدم دستیابی کے باعث کاروبار متاثر ہو رہا ہے ۔ شدید گرمی کے سبب شہری غیر ضروری طور پر گھروں سے نکلنے سے گریز کر رہے ہیں، جس کے نتیجے میں شہر کی اہم شاہراہیں اور بازار کئی اوقات میں سنسان دکھائی دے رہے ہیں، تاجروں کا کہنا ہے کہ بجلی کی طویل بندش سے کاروباری سرگرمیاں ماند پڑ گئی ہیں، جبکہ دکانوں پر گاہکوں کی آمد بھی نمایاں طور پر کم ہو گئی ہے ۔ دوسری جانب گھریلو صارفین کا کہنا ہے کہ رات کے وقت بجلی کی بندش کے باعث نیند پوری نہیں ہو رہی، جس سے معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں، شہریوں نے متعلقہ حکام اور فیسکو انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا فوری خاتمہ کیا جائے اور موسم کی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ عوام کو موجودہ شدید گرمی میں مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں