مارکیٹ کمیٹی کی ملی بھگت:نرخ نامے کاغذی کارروائی

مارکیٹ  کمیٹی  کی  ملی  بھگت:نرخ  نامے  کاغذی   کارروائی

پرائس ایپ پر درج قیمتیں بھی فارغ ،مارکیٹوں میں پھل اور سبزیاں من مانے نرخوں پر فروخت کی جا رہی ہیں احکامات پر مؤثر عملدرآمد دکھائی نہیں دیتا، نرخ ناموں میں قیمتیں کم ظاہر کی جاتیں، مارکیٹ میں کہیں زیادہ قیمت ادا کرنا پڑتیں

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) مارکیٹ کمیٹی اور مبینہ طور پر بڑے گرانفروشوں کی ملی بھگت کے باعث سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد نہ ہونے کا معاملہ سنگین صورت اختیار کر گیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے روزانہ جاری کیے جانے والے نرخ نامے اور پرائس ایپ پر درج قیمتیں صرف کاغذی کارروائی بن کر رہ گئی ہیں، جبکہ مارکیٹوں میں پھل اور سبزیاں من مانے نرخوں پر فروخت کی جا رہی ہیں،ذرائع کے مطابق مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے روزانہ سبزیوں اور پھلوں کے سرکاری نرخ نامے جاری کیے جاتے ہیں اور انہیں حکومتی پرائس ایپ پر بھی اپ لوڈ کر دیا جاتا ہے ، تاہم ان نرخوں پر عملدرآمد کرانے کے لیے مؤثر نگرانی کا فقدان ہے ۔ اس صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گرانفروش سرکاری نرخوں سے 30 سے 40 فیصد زائد قیمتیں وصول کر رہے ہیں،کمشنر اور ڈپٹی کمشنر سرگودھا متعدد بار پرائس کنٹرول میکنزم پر سختی سے عملدرآمد اور گرانفروشوں کیخلاف کارروائی کی ہدایات جاری کر چکے ہیں، مگر فیلڈ میں ان احکامات پر مؤثر عملدرآمد دکھائی نہیں دیتا۔ روزانہ جاری ہونے والے نرخ ناموں میں قیمتیں کم ظاہر کی جاتی ہیں، جبکہ عام مارکیٹ میں صارفین کو کہیں زیادہ قیمت ادا کرنا پڑتی ہے ۔صارفین کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی غیر سنجیدگی اور مارکیٹ کمیٹی کی مبینہ سازباز نے ذخیرہ اندوزوں اور گرانفروشوں کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے ، جس کے باعث عام آدمی مہنگے داموں اشیائے خورونوش خریدنے پر مجبور ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ مارکیٹوں میں حکومتی رٹ دکھائی نہیں دیتی اور قیمتوں کو کنٹرول کرنے کا نظام غیر مؤثر ثابت ہو رہا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں