ریونیو ریکارڈ کی مکمل تصدیق کے بعد حقائق کی بنیاد پر سفارشات مرتب کی جائیں،سکروٹنی کمیٹی
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ضلع سطح پر غیر منقولہ جائیداد کی ملکیت سے متعلق تنازعات کے فوری، شفاف اور میرٹ پر حل کے لیے قائم ٹریبونل کی جانب سے ریفر کیے گئے 22 کیسز پر غور کے لیے ضلعی سکروٹنی کمیٹی کا پہلا اجلاس ہوا۔
دونوں فریقین کمیٹی کے سامنے پیش ہوئے ۔ کمیٹی نے دونوں فریقین کا مؤقف تفصیل سے سنا اور ان کے پیش کردہ دستاویزات و شواہد کا جائزہ لیا۔ متعلقہ ریونیو افسران نے ہر کیس سے متعلق سرکاری ریونیو ریکارڈ، فرد، انتقال، رجسٹری اور دیگر دستیاب دستاویزات و رپورٹس بھی کمیٹی کے سامنے پیش کیں۔ کمیٹی نے فریقین کے مؤقف، سرکاری ریکارڈ اور متعلقہ افسران کی رپورٹس کو سامنے رکھتے ہوئے ہر کیس کے حقائق اور قانونی و انتظامی پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا۔اجلاس میں اس امر کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا کہ ہر کیس میں فریقین کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا مکمل موقع فراہم کیا جائے اور ریونیو ریکارڈ کی مکمل تصدیق کے بعد حقائق کی بنیاد پر سفارشات مرتب کی جائیں، تاکہ کسی بھی فریق کے ساتھ ناانصافی نہ ہو اور ٹریبونل کو میرٹ پر فیصلے میں مؤثر معاونت فراہم کی جا سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments