گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ کا باضابطہ نفاذ، 7 کیمپس قائم
خصوصی کیمپس 13 ستمبر تک جاری رہیں گے ،سرٹیفکیٹ کے حصول کے لیے درخواستیں وصول کی جائیں گی،اپنی زمین پر مکمل خودمختاری یقینی بنانے میں بھی مدد ملے گیسرٹیفکیٹ مستقبل میں جائیداد سے متعلق قانونی تنازعات کے خطرات کو کم کرنے ،سرمایہ کاری کے تحفظ میں بھی معاون ثابت ہوگا، سرٹیفکیٹ کے اجراء کی فیس 950 روپے مقرر
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) سرگودھا سمیت پنجاب بھر میں پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر میں ہر طرح کی جائیداد کے لیے گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ کا باضابطہ طور پر نفاذ کر دیا گیا، اورپنجاب حکومت کے منصوبہ برائے اصلاحِ نظامِ اراضی کے تحت ضلع سرگودھا میں گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ کے اجراء کے لیے 7 خصوصی کیمپس قائم کر دیے گئے ہیں، جہاں شہریوں سے سرٹیفکیٹ کے حصول کے لیے درخواستیں وصول کی جائیں گی۔ یہ خصوصی کیمپس 13 ستمبر تک جاری رہیں گے ، ضلع کونسل ہال سرگودھا، چک نمبر 11 شمالی تحصیل بھلوال، فاروکہ تحصیل ساہیوال، میونسپل کمیٹی بھیرہ، سبھاگہ تحصیل سلانوالی، چک نمبر 11 جنوبی تحصیل کوٹ مومن، اور مظفر آباد تحصیل شاہ پور میں خصوصی کیمپس قائم کیے گئے ہیں،گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ کے ذریعے شہریوں کو اپنی زیرِ قبضہ اراضی کی ملکیت کا محفوظ، واضح اور قانونی طور پر تسلیم شدہ ثبوت حاصل ہوگا، جبکہ مشترکہ کھاتے میں دیگر مالکان کی مداخلت سے آزادی اور اپنی زمین پر مکمل خودمختاری یقینی بنانے میں بھی مدد ملے گی۔ گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ مستقبل میں جائیداد سے متعلق قانونی تنازعات کے خطرات کو کم کرنے اور شہریوں کی سرمایہ کاری کے تحفظ میں بھی معاون ثابت ہوگاخصوصی کیمپس پر سرٹیفکیٹ کے اجراء کی فیس 950 روپے مقرر کی گئی ہے ا س حوالے سے ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری کا کہنا ہے کہ گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ کا مقصد شہریوں کو جائیداد کے محفوظ اور مستند حقوق فراہم کرنا، ملکیتی معاملات میں شفافیت لانا اور زمین سے متعلق تنازعات کے امکانات کو کم کرنا ہے ۔ گرین پراپرٹی، جدت، انفرادیت اور تحفظ کی جانب اہم قدم ہے ۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ مقررہ مدت کے دوران خصوصی کیمپس سے استفادہ کرتے ہوئے اپنی جائیداد کے حقوق کو محفوظ بنانے کیلئے گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ کے حصول کی درخواستیں جمع کروائیں،جبکہ گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹس کا اجراء 28 اور 29 ستمبر کو کیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments