شہر میں ٹریفک پولیس کے ناکوں کے خلاف احتجاج کا فیصلہ
احتجاجاً کوٹ مومن شہر کے تمام بازار رات 9 بجے تک بند رکھے جائیں گے ، تاجر
کوٹ مومن (نمائندہ دنیا ) کوٹ مومن کی جملہ تاجر تنظیموں کا اہم اجلاس ہوا، جس میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر اضافے ، پٹرولیم لیوی، مبینہ ناجائز لاک ڈاؤن اور شہر میں ٹریفک پولیس کے ناکوں کے خلاف احتجاج کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں رانا ندیم علی، رانا محمد افضل، شیخ مسعود الٰہی، آصف آہیر، عدیل انصاری، رانا الماس حنیف، مقصود تابش، ظہور انصاری، اشرف سدیدی، شیخ آصف، امتیاز وڑائچ سمیت مختلف تاجر تنظیموں کے عہدیداران اور نمائندگان نے شرکت کی۔
اجلاس میں شرکاء نے حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے اور پٹرولیم لیوی کے نفاذ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی نے کاروباری طبقے سمیت عام شہریوں کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ کر دیا ہے ۔ تاجروں نے شہر میں مبینہ غیر ضروری لاک ڈاؤن اور ٹریفک پولیس کے ناکوں کے باعث کاروباری سرگرمیوں میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں پر بھی احتجاج کیا۔اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ احتجاجاً کوٹ مومن شہر کے تمام بازار رات 9 بجے تک بند رکھے جائیں گے ، جبکہ شام ساڑھے 8 بجے تھانہ چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ تاجر رہنماؤں نے کہا کہ تاجر برادری اپنے جائز مطالبات کے حل تک آواز بلند کرتی رہے گی اور حکومت کو کاروباری طبقے کو درپیش مسائل کے فوری حل کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments