ماڈل قبرستان جوہر آباد کا پراجیکٹ بھی سرخ فیتے کی لپیٹ
کئی برس گزر جانے کے باوجود کوئی عملی پیش رفت سامنے نہیں ہوئی
خوشاب(نمائندہ دُنیا)ضلع خوشاب کے دیگر زیر التو منصوبوں کی طرح ماڈل قبرستان جوہر آباد کا پراجیکٹ بھی سرخ فیتے کی لپیٹ میں آ گیا ، اس اہم ترین پراجیکٹ کی منظوری مسلم لیگ(ن) کے گزشتہ دور اقتدار میں دی گئی تھی اور باقاعدہ سروے کرانے کے بعد زبیر آباد کے قریب جگہ کا بھی تعین کیا گیا تھا ، جس کے بعد کئی برس گزر جانے کے باوجود کوئی عملی پیش رفت سامنے نہیں آئی ، جس کی وجہ سے جوہر آباد کے مکینوں میں شدید اضطراب اور بے چینی پائی جاتی ہے ، یہ بات قابل ذکر ہے کہ نسیم کالونی سے ملحقہ جوہر آباد کے اکلوتے قبرستان میں مزید قبروں کی گنجائش باقی نہیں جس کی وجہ سے لوگ اپنے پیاروں کی میتیں عیسائی کمیونٹی کیلئے مخصوص کئے گئے قبرستان میں دفنانے پر مجبور ہیں ۔ ماضی قریب میں شہریوں کی جانب سے نسیم کالونی قبرستان کی توسیع کیلئے گرین بیلٹ کا رقبہ مختص کرنے کی تجویز دی گئی تھی جسے زبیر آباد کے بننے والے ماڈل قبرستان کے باعث ڈارپ کر دیا گیا تھا۔ جس کے بعد نہ ہی تو ماڈل قبرستان بنایا گیا اور نہ ہی نسیم کالونی قبرستان میں توسیع کی گئی ، جوہر آباد کے مکینوں نے اس صورتحال پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے منتخب اراکین اسمبلی اور ضلعی انتظامیہ سے استدعا کی ہے کہ اس اہم اور بنیادی مسئلہ پر فوری توجہ مبذول کی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments