فنڈز ملنے پر ترقیاتی منصوبوں پر کام کی تیاریاں شروع
میونسپل کارپوریشن کے تقریباً 12 کروڑ، ڈسٹرکٹ کونسل کے 40 کروڑ منتقل
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) شہر کی اہم سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے لیے بلدیاتی اداروں اور واسا کے تقریباً ایک ارب روپے محکمہ ہائی وے کے حوالے کیے جانے کے بعد ترقیاتی منصوبوں پر کام کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں ۔ذرائع کے مطابق حکومت کی ہدایات پر میونسپل کارپوریشن سرگودھا کے تقریباً 12 کروڑ، ڈسٹرکٹ کونسل کے 40 کروڑ جبکہ واسا سمیت دیگر فنڈز ملا کر قریباً ایک ارب روپے محکمہ ہائی وے کو منتقل کیے گئے ہیں تاکہ شہر کی اہم شاہراہوں کی تعمیر و مرمت اور بحالی کا کام کروایا جاسکے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ ہائی وے کے مروجہ تعمیراتی ریٹس بعض بلدیاتی اداروں کے مقابلے میں زیادہ ہونے کے باعث منصوبوں کی مجموعی لاگت پر سوالات پیدا ہورہے ہیں، جبکہ بعض حلقوں کی جانب سے ترقیاتی ٹھیکوں میں مبینہ کمیشن کے خدشات بھی ظاہر کیے جارہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ جب بلدیاتی اداروں اور واسا کے پاس اپنے وسائل اور متعلقہ شعبہ جات موجود ہیں تو ان کے فنڈز ایک دوسرے محکمے کو منتقل کرنے کی ضرورت، فیصلے کی بنیاد اور مالی فوائد عوام کے سامنے لائے جانے چاہئیں۔ شہر ایک ارب روپے کے منصوبوں کے پی سی ون، تخمینوں، منظور شدہ ریٹس، ٹینڈرز، ٹھیکیداروں، کام کی مدت اور معیار سے متعلق تمام تفصیلات منظرعام پر لائی جائیں۔ جبکہ منصوبوں کی تکمیل کے دوران آزادانہ نگرانی اور مؤثر کوالٹی کنٹرول کا نظام وضع کیا جائے تاکہ قومی و عوامی خزانے سے خرچ ہونے والی خطیر رقم کا شفاف استعمال یقینی بنایا جاسکے اور سڑکوں کی تعمیر میں ناقص میٹریل یا مبینہ بے ضابطگیوں کی گنجائش نہ رہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments