ویزااور بینکنگ فراڈ ، ڈیڑھ ماہ کے دوران 18 کروڑ کی ریکوری
ویزااور بینکنگ فراڈ ، ڈیڑھ ماہ کے دوران 18 کروڑ کی ریکوری ویزا فراڈ کے مقدمات میں 9 کروڑ کی رقم ریکور کرکے اصل حقداروں کے حوالے کی
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) سرگودھا میں ویزا فراڈ اور بینکنگ فراڈ کے خلاف ایف آئی اے کی کارروائیاں، ڈیڑھ ماہ کے دوران 18 کروڑ روپے سے زائد کی ریکوری کر کے متاثرین کو رقم واپس کردی گئی، ڈائریکٹر ایف آئی اے فیصل آباد زون ثاقب سلطان نے سرگودھا سرکل کا دورہ کیا، میڈیا سے گفتگو میں کارروائیوں اور ریکوری کی تفصیلات بتائیں اور متاثرین میں ریکور ہونے والی رقم کے چیکس بھی تقسیم کیے ۔ڈائریکٹر ایف آئی اے فیصل آباد زون ثاقب سلطان کے مطابق ایف آئی اے سرگودھا سرکل نے گزشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران ویزا فراڈ کے مقدمات میں تقریباً 9 کروڑ روپے کی رقم ریکور کرکے اصل حقداروں کے حوالے کی، جبکہ بینکنگ فراڈ کے کیسز میں بھی 9 کروڑ روپے سے زائد کی رقم برآمد کرکے متاثرین کو واپس کی گئی۔ ثاقب سلطان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو فراڈ سے محفوظ رکھنے اور متاثرین کو ان کی جمع پونجی واپس دلانے کے لیے ایف آئی اے بھرپور اقدامات کر رہی ہے ۔
سرگودھا سرکل کی جانب سے کی جانے والی ریکوری اسی سلسلے کی اہم کڑی ہے ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ایف آئی اے فیصل آباد زون ثاقب سلطان نے متاثرین میں ریکور ہونے والی رقم کے چیکس بھی تقسیم کیے ۔ دورے کے دوران ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے سرگودھا سرکل احسن علی باجوا اور دیگر افسران و اہلکار بھی موجود تھے ۔ رقم واپس ملنے پر متاثرین نے ایف آئی اے حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ادارے کی کوششوں کے باعث انہیں اپنی جمع پونجی واپس مل سکی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments