تجاوزات کیخلاف آپریشن کے باوجود صورتحال جوں کی توں
تجاوزات کیخلاف آپریشن کے باوجود صورتحال جوں کی توں آپریشن کے چند ہی گھنٹوں بعد دوبارہ ریڑھیاں، تھڑے نظر آنے لگتے ہیں
بھاگٹانوالہ (نمائندہ دنیا)شہر میں تجاوزات کے خلاف پیرا فورس کے آپریشن کے باوجود بازاروں میں صورتحال جوں کی توں ہے ، آپریشن ختم ہوتے ہی تجاوزات دوبارہ قائم ہونے سے شہریوں میں تشویش پائی جانے لگی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ تجاوزات کے خلاف کارروائیاں مستقل بنیادوں پر نہ ہونے کے باعث تجاوزات قائم کرنے والے عناصر دوبارہ سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر قابض ہو جاتے ہیں، جس سے پیدل چلنے والوں اور ٹریفک کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔شہریوں کے مطابق پیرا فورس کی جانب سے کارروائی کے دوران تجاوزات ہٹائی جاتی ہیں، تاہم چند ہی گھنٹوں بعد دوبارہ ریڑھیاں، تھڑے ، دکانوں کا سامان اور دیگر رکاوٹیں سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر نظر آنے لگتی ہیں۔
شہریوں نے الزام عائد کیا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن محض فوٹو سیشن تک محدود ہو کر رہ گیا ہے اور مستقل نگرانی نہ ہونے کے باعث تجاوزات کا مسئلہ بدستور برقرار ہے ۔شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ تجاوزات کے خلاف وقتی کارروائیوں کے بجائے مستقل اور بلاامتیاز آپریشن کیا جائے ، تجاوزات قائم کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے اور بازاروں، سڑکوں اور فٹ پاتھوں کو تجاوزات سے مستقل طور پر واگزار کرایا جائے تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments