بجلی چوروں کے گرد گھیرا تنگ، ٹیوب ویلز کی تنصیبات ضبط
بجلی چوروں کے گرد گھیرا تنگ، ٹیوب ویلز کی تنصیبات ضبطکچاکھوہ ، عبدالحکیم میں 14افراد ڈائریکٹ سپلائی سے بجلی چوری کرتے پکڑے گئے
ملتان (خصوصی رپورٹر)چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر گُل محمد زاہد نے کہا ہے کہ میپکو ریجن میں بجلی چوری کی روک تھام اور نادہندگان سے واجبات کی وصولی کے لئے بلاامتیاز آپریشن جاری ہے ۔ بجلی چوری قومی وسائل کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے جس کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔ بجلی چوری میں ملوث عناصر اور واجبات ادا نہ کرنے والے صارفین کے خلاف مروجہ قوانین اور قواعد و ضوابط کے مطابق کارروائیاں کی جارہی ہیں۔ سپرنٹنڈنگ انجینئر میپکو خانیوال سرکل مشتاق احمد اٹھنگل اور ونگ کمانڈر رینجرزکی نگرانی میں کچاکھوہ سب ڈویژن کے مختلف علاقوں میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف مشترکہ آپریشن کیا گیا۔ ایکسین خانیوال ڈویژن مصعب علی سلیمی، ایس ڈی او کچاکھوہ حزب اللہ خان، رینجرزاور مقامی پولیس پر مشتمل ٹیم نے چک نمبر23/10-R، چک25/10-R، چک 19/9-R، شرقی و غربی، چک16/9-R،، کچاکھوہ شہر اور عبدالحکیم روڈ کے علاقوں میں 14افراد ڈائریکٹ سپلائی کے ذریعے بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے ۔2100فٹ ملٹی کور پی وی سی کیبل قبضے میں لی گئی۔ اور 1800فٹ ایل ٹی لائن اتار دی گئی۔بجلی چوری کے 14 کیسز میں قانونی کارروائی کے لئے متعلقہ پولیس اسٹیشن کو استغاثے بھجوادئیے گئے ہیں۔ کارروائی کے دوران56لاکھ روپے سے زائد واجبات کی عدم ادائیگی پر 2زرعی ٹیوب ویلوں کے ٹرانسفارمرز،2 تھری فیز میٹرزاور14 سنگل فیز میٹرز بھی اتارکر قبضہ میں لے لئے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments