دو کروڑ ڈکیتی کا ڈراپ سین،ملازم اور ڈرائیور ہی لٹیرے نکلے
دو کروڑ ڈکیتی کا ڈراپ سین،ملازم اور ڈرائیور ہی لٹیرے نکلے 40 تولے سونا، ملکی و غیر ملکی کرنسی اور قیمتی گھڑیاں برآمد، دو ملزم گرفتار
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) محافظ سمجھے جانے والے گھر کے ملازم اور ڈرائیور ہی لٹیرے نکلے ، دو کروڑ روپے سے زائد کی ڈکیتی کا ڈراپ سین، 40 تولے سونا، ملکی و غیر ملکی کرنسی اور قیمتی گھڑیاں برآمد، دو ملزمان گرفتار، لوٹے گئے طلائی زیورات اصل مالکان خواتین کے حوالے کر دیے گئے ، یونیورسٹی روڈ کے علاقے صادق آباد میں 17 روز قبل گھر میں گھس کر اہل خانہ کو یرغمال بنانے اور دو کروڑ روپے سے زائد مالیت کی نقدی، طلائی زیورات اور قیمتی سامان لوٹنے کی واردات کا ڈراپ سین ہو گیا، اپنے ہی مالکان کے گھر ڈکیتی میں ملوث مبینہ گھر کے ملازم اور ڈرائیور سمیت دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
اے ایس پی سٹی وقار احمد نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ڈی پی او سرگودھا توقیر محمد نعیم کی ہدایت پر خصوصی پولیس ٹیموں نے جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ تفتیش کی مدد سے ملزمان کو ٹریس کیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت ظفر اور اظہر کے نام سے ہوئی ہے ، جن کے قبضے سے دو کروڑ روپے سے زائد مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی، 40 تولے طلائی زیورات اور قیمتی گھڑیاں برآمد کی گئی ہیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق چار ملزمان نے 17 روز قبل گھر میں داخل ہو کر اہل خانہ کو یرغمال بنایا اور واردات کے بعد فرار ہو گئے تھے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments