واسا کا دائرہ کار 99 تحصیل تک بڑھانے پر پیش رفت نہ ہو سکی

 واسا کا دائرہ کار 99 تحصیل تک بڑھانے پر پیش رفت نہ ہو سکی

واسا کا دائرہ کار 99 تحصیل تک بڑھانے پر پیش رفت نہ ہو سکی پانی کی فراہمی، سیوریج لائنوں کی دیکھ بھال، ڈسپوزل کی فعالیت کے لیے عملے کی کمی

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) سرگودھا سمیت پنجاب بھر میں واسا کے دائرہ کار کو 99 تحصیل ہیڈکوارٹرز تک بڑھانے کی مجوزہ پالیسی پر عملدرآمد کی ابتدا ء میں ہی موجودہ اداروں کی انتظامی اور عملی استعداد کا اہم پہلو سوالیہ نشان بن کر سامنے آیا ہے ،اورپنجاب حکومت کی جانب سے صوبے میں واٹر اینڈ سینیٹیشن سروسز کی توسیع پر غور کے دوران بنیادی توجہ اس بات پر مرکوز ہو گئی ہے کہ آیا موجودہ واسا ادارے اپنے دستیاب انسانی وسائل، مشینری، مالی وسائل اور انتظامی ڈھانچے کے ساتھ مزید 99 تحصیل ہیڈکوارٹرز کی ذمہ داریاں سنبھالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں یا نہیں؟، ذرائع کے مطابق محکمہ ہاؤسنگ، اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی جانب سے 41 واسا اداروں کو 99 تحصیل ہیڈکوارٹرز تک توسیع دینے کی سمری وزیراعلیٰ پنجاب کو ارسال کی گئی تھی، تاہم چیف سیکریٹری پنجاب نے اس منصوبے کے حوالے سے اہم نکتہ اٹھاتے ہوئے موجودہ انسانی وسائل اور تحصیلوں میں دستیاب مشینری کی بنیاد پر انتظامی ذمہ داریاں سنبھالنے کی استعداد کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے

اورمجوزہ توسیع سے قبل زمینی حقائق کا جائزہ لینے کے لیے پنجاب واٹر اینڈ سینیٹیشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کی جانب سے تمام ڈپٹی کمشنرز سے متعلقہ تحصیلوں کا مستند ڈیٹا طلب کرتے ہوئے متعلقہ واسا کے منیجنگ ڈائریکٹرز سے مشاورت کے بعد چھ مقررہ پروفارموں میں تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ جن کی بنیاد پر تحصیلوں کی موجودہ صورتحال، مشینری، افرادی قوت اور انتظامی ضروریات کا جائزہ لیا جا رہا ہے ،دوسری جانب سرگودھا سمیت اکثر اضلاع میں موجودہ واسا اداروں کے پاس پہلے سے موجود شہری علاقوں میں صاف پانی کی فراہمی، سیوریج لائنوں کی دیکھ بھال، ڈسپوزل اسٹیشنوں کی فعالیت اور بارشی پانی کی نکاسی کے نظام کو مؤثر انداز میں چلانے کے لیے عملے کی کمی، مشینری کی قلت، مالی وسائل اور بد انتظامی جیسے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...