تفریحی پارکوں میں جھولے بچوں کی زندگیوں کیلئے خطرہ

تفریحی پارکوں میں جھولے بچوں کی زندگیوں کیلئے خطرہ

ماڈل مارٹ، رحمت العالمین پارک، جوائے لینڈ پارک باغ جناح اور ایڈونچر فیملی پارک بھلوال میں بیشتر جھولوں کی باقاعدہ انسپکشن کا کوئی شیڈول موجود نہیں تکنیکی ٹیموں کے ذریعے جھولوں کا فوری معائنہ کروانے ، معیاد پوری کرنے والے جھولوں کو فوری بند کرکے حفاظتی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کی سفارش

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) سرگودھا کے تفریحی پارکوں میں نصب جھولوں کی تنصیب، دیکھ بھال اور آپریشن میں حفاظتی قواعد و ضوابط کی مبینہ خلاف ورزیاں شہریوں اور ان کے بچوں کی زندگیوں کے لیے خطرہ بن گئیں، ناقص انسپکشن، مدت پوری کرنے والے جھولوں اور غیر تربیت یافتہ آپریٹرز کی موجودگی نے تفریحی مقامات کو ممکنہ حادثات کے خدشات سے دوچار کر دیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق ماڈل مارٹ، رحمت العالمین پارک، جوائے لینڈ پارک باغ جناح اور ایڈونچر فیملی پارک بھلوال میں نصب بیشتر جھولوں کی باقاعدہ انسپکشن کا کوئی شیڈول موجود نہیں، متعدد جھولے اپنی مقررہ معیاد پوری کرنے اور بار بار مرمت کے باوجود استعمال کیے جا رہے ہیں، جبکہ انہیں چلانے والے آپریٹرز بھی ضروری تکنیکی مہارت سے محروم ہیں۔ مزید تشویشناک صورتحال یہ ہے کہ جھولوں کی دیکھ بھال اور روزانہ آپریشن کا ریکارڈ (لاگ بُک)، جو آپریٹر کے پاس موجود ہونا ضروری ہے ، بھی دستیاب نہیں۔

ذرائع کے مطابق ایک تحقیقاتی ادارہ ممکنہ حادثے اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کے خدشے سے سول ایڈمنسٹریشن کو پہلے ہی آگاہ کر چکا ہے اور تکنیکی ٹیموں کے ذریعے جھولوں کا فوری معائنہ کروانے ، مقررہ معیاد پوری کرنے والے جھولوں کو فوری بند کرکے ہٹانے اور حفاظتی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کی سفارش بھی ارسال کی جا چکی ہے ، تاہم تاحال مؤثر اقدامات سامنے نہ آ سکے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پارکوں میں والدین اپنے بچوں کو تفریح کے لیے لاتے ہیں، مگر اگر جھولوں کی فٹنس، آپریٹرز کی مہارت اور حفاظتی انتظامات ہی یقینی نہیں تو بچوں کو خطرات کے حوالے کرنے کے مترادف ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...