نکاسی کے لیے تعمیر ڈرین سے سرکلر روڈ کو کھنڈر میں تبدیل
بھاری ٹریفک کی آمدورفت سے گردوغبار نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی
بھیرہ(نامہ نگار)پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے تعمیر کی جانے والی ڈرین نے سرکلر روڈ کو کھنڈر میں تبدیل کر دیا ہے جبکہ رہی سہی کسر ستھرا پنجاب ایجنسی نے پوری کر دی ہے ۔ سرکلر روڈ کی ٹوٹ پھوٹ اور اس پر بھاری ٹریفک کی آمدورفت سے اٹھنے والے گردوغبار نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ۔ سڑک پر گردوغبار کو کم کرنے کے لیے ستھرا پنجاب کمپنی کی جانب سے پانی کا چھڑکاؤ نہ کیے جانے کے باعث سکول جانے والے طلبا و طالبات کھانسی اور زکام سمیت سانس کی بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں جبکہ سڑک کے کنارے آباد مکینوں کو بھی مسلسل گردوغبار سے پھیپھڑوں کی بیماریوں اور ٹی بی جیسے موذی مرض کا خطرہ لاحق ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکلر روڈ کی خستہ حالی سے نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے بلکہ پیدل چلنے والوں اور موٹر سائیکل سواروں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، ڈپٹی کمشنر سرگودھا اور اسسٹنٹ کمشنر بھیرہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکلر روڈ کی فوری مرمت اور تعمیراتی کام کی تکمیل یقینی بنائی جائے جبکہ ستھرا پنجاب کمپنی کو پابند کیا جائے کہ گردوغبار سے شہریوں کو محفوظ رکھنے کے لیے سڑک پر باقاعدگی سے پانی کا چھڑکاؤ کیا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments